ڈیلرز کا 25 نومبر کو ملک بھر میں احتجاجاً پیٹرول پمپس بند رکھنے کا اعلان

اپ ڈیٹ 22 نومبر 2021
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ان کا مطالبہ منظور نہیں کیا — فائل فوٹو: اے این پی
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ان کا مطالبہ منظور نہیں کیا — فائل فوٹو: اے این پی

حکومت کی جانب سے ڈیلرز کے مارجن میں 6 فیصد اضافہ کرنے میں ناکامی پر آل پاکستان پیٹرول پمپ ڈیلرز ایسوسی ایشن نے 25 نومبر کو ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق آل پاکستان پیٹرول پمپ ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سیکریٹری اطلاعات نعمان علی بٹ کا کہنا تھا کہ 25 نومبر کو ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رہیں گے۔

مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات پر اضافی ٹیکس: حکومت سے ایک ہفتے میں جواب طلب

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ان کا مطالبہ منظور نہیں کیا اور جب تک مارجن 6 فیصد تک بڑھایا نہیں جائے گا کوئی مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ حکومت کے مارجن بڑھانے سے متعلق تاخیری حربے اپنانے پر ڈیلرز نے 5 نومبر کو ملک بھر میں ہڑتال پر جانے کی دھمکی دی تھی۔

3 نومبر کو وزیر توانائی حماد اظہر کی سربراہی میں حکومتی وفد نے چند دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت پر مارجن بڑھانے پر رضامندی کا اظہار کیا تھا جس پر ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اپنی احتجاجی ہڑتال کی کال واپس لے لی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت گزشتہ تین برس کی بلند ترین سطح پر

اجلاس میں سیکریٹری پیٹرولیم ڈاکٹر ارشد کی سربراہی میں اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دی گئی تاکہ 15 نومبر کو اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد مارجن بڑھانے سے متعلق معاہدے کا اطلاق کیا جائے۔

حکومتی وفد میں آئل اور گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے چیئرمین اور ڈائریکٹر جنرل آئل بھی شریک تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں