شیخ رشید نے اپ گریڈڈ آن لائن ویزا سسٹم کا افتتاح کردیا

اپ ڈیٹ 25 نومبر 2021
وزیر داخلہ نے کہا کہ آن لائن ویزا کے ذریعے براہِ راست سرمایہ کاری میں بہتری آئی ہے— فائل فوٹو: اے پی پی
وزیر داخلہ نے کہا کہ آن لائن ویزا کے ذریعے براہِ راست سرمایہ کاری میں بہتری آئی ہے— فائل فوٹو: اے پی پی

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپ گریڈڈ پاکستان آن لائن ویزا سسٹم (پی او وی ایس) کا افتتاح کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس سے قبل یہ نظام مارچ 2019 میں شروع ہوا تھا جو ایک مشکل مرحلہ تھا اور اس میں اسمارٹ فون اور ٹیبلیٹس کے ذریعے رسائی حاصل کرنا مشکل تھا۔

اس نظام کو بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے صارف دوست بنایا اور تمام ڈیوائسز سے ہم آہنگ مضبوط اور محفوظ انٹرفیس کو یقینی بنایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: ای ویزا کی سہولت کو مزید 16ممالک تک توسیع دینے کا فیصلہ

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آن لائن ایپلی کیشن پاکستان میں سیاحت کو فروغ دیتے ہوئے ملک کے مثبت تصور کی تکمیل کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’پی او وی ایس‘ کے ذریعے پاکستان میں باآسانی رسائی سے ملک میں براہِ راست سرمایہ کاری میں بہتری کے ساتھ ساتھ اقتصادی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آن لائن ویزا سسٹم کے ذریعے 180 ممالک سے 6 لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

اس موقع پر نادرا کے چیئرمین طارق ملک نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن ویزا سسٹم سے ویزا کی درخواست دینے کے لیے درکار وقت کو کم کرکے نصف کرنے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں: آن لائن ویزا سہولت سے 10 روز میں 24 ہزار افراد کی سعودی عرب آمد

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سیاحت میں اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ویزا جاری کرنے کی شرح میں 94 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میرا مشن ہے کہ ہماری خدمات عوامی نظریے کے مطابق ہوں اور ہر ایک کے لیے خدمات دستیاب کی جائیں‘۔

علاوہ ازیں، آن لائن سسٹم میں طبی سیاحت، سی پیک ویزا، زیارت ویزا، ماؤنٹینگ اور ٹریکنگ ویزا کی اقسام شامل کرتے ہوئے کاروباری ویزا کی پالیسی بھی بہتر کی گئی ہے اور 24 گھنٹوں کے اندر ویزا کی دستیابی کا عمل ممکن بنایا جارہا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں