2021 کے اولین 9 ماہ تک سب سے زیادہ فروخت ہونے والا اسمارٹ فون کونسا ہے؟

26 نومبر 2021
آئی فون 12 سیریز کے فونز — فوٹو بشکریہ ایپل
آئی فون 12 سیریز کے فونز — فوٹو بشکریہ ایپل

سام سنگ اور شیاؤمی دنیا کی 2 سب سے بڑی اسمارٹ فون کمپنیاں ہیں، یعنی ان کی ڈیوائسز سب سے زیادہ فروخت ہوتی ہیں۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا اسمارٹ فون کونسا ہے ؟

یقین کرنا مشکل ہوگا مگر جنوری سے ستمبر 2021 کے دوران دنیا بھر میں جو اسمارٹ فون سب سے زیادہ فروخت ہوا، وہ شیاؤمی یا سام سنگ کے نہیں۔

اسمارٹ فون مارکیٹ کے اعدادوشمار جاری کرنے والی کمپنی آئی ڈی سی کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق 2021 کے اولین 9 ماہ میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا اسمارٹ فون ایپل کا آئی فون 12 ہے۔

آئی فون 12 سیریز کی یہ کامیابی کی وجہ پہلی بار ایپل کی جانب سے 5 جی اپ گریڈ صارفین کو آئی او ایس آپریٹنگ سسٹم میں فراہم کرنا ہے۔

اس سے قبل 2020 کی 4 سہ ماہیوں میں آئی فون 11 کو پہلی پوزیشن حاصل رہی تھی جو 2021 کی پہلی سہ ماہی میں آئی فون 12 نے چھین لی تھی۔

درحقیقت رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوری سے ستمبر 2021 کے دوران سب سے زیادہ فروخت ہونے والے 5 فونز میں سے 4 ایپل کے آئی فونز ہی ہیں۔

آئی فون 12 کے بعد سب سے زیادہ فروخت ہونے والا فون سام سنگ کا گلیکسی اے 12 رہا، جس کے بعد آئی فون 11، آئی فون 12 پرو میکس اور آئی فون 12 پرو بالترتیب تیسرے، چوتھے اور 5 ویں نمبر پر رہے۔

رپورٹ میں ہر ماڈل کے فروخت ہونے والے یونٹس کی تعداد نہیں بتائی گئی ممکنہ طور پر یہ اعدادوشمار 2021 مکمل ہونے پر جاری ہوں گے۔

آئی فون 13 اس فہرست کا حصہ اس لیے نہیں کیونکہ وہ تیسری سہ ماہی کے آخر میں ہی فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔

مگر تجزیہ کاروں کے مطابق آئی فون 13 کی مانگ کافی زیادہ ہے تو چوتھی سہ ماہی میں وہ بھی اس فہرست میں کسی نمبر پر موجود ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں