سام سنگ کا اپنی آئیکونک فون سیریز ختم کرنے پر غور

28 نومبر 2021
گلیکسی نوٹ 20 اور نوٹ 20 الٹرا — فوٹو بشکریہ سام سنگ
گلیکسی نوٹ 20 اور نوٹ 20 الٹرا — فوٹو بشکریہ سام سنگ

سام سنگ کے گلیکسی نوٹ چند مقبول ترین اسمارٹ فونز میں سے ایک ہے جس نے بڑی اسکرین والی ڈیوائسز کو دنیا بھر میں مقبول کیا۔

پہلا گلیکسی نوٹ 5.3 انچ اسکرین کے ساتھ تھا جو آج تو چھوٹا محسوس ہوتا ہے مگر اس دور میں سب سے بڑا تھا جس کے ساتھ اسٹائلوس یا ایس پین کی شکل میں نئی ٹیکنالوجی کی فراہم کی گئی تھی۔

2020 کے آخر میں خبررساں ادارے رائٹر کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سام سنگ کی جانب 2021 میں گلیکسی نوٹ سیریز کو ختم کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور اس کی جگہ فولڈ ایبل فونز پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

مگر کچھ ماہ بعد کمپنی نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ 2021 میں چپس کی قلت کے باعث نوٹ سیریز کے فونز پیش نہیں کیے جارہے اور وہ 2022 میں متعارف کرائے جائیں گے۔

مگر اب نئی رپورٹ میں یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ سام سنگ کی جانب سے گلیکسی نوٹ سیریز کو ہمیشہ کے لیے ختم کیا جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سام سنگ کی جانب سے نوٹ سیریز کو 2022 کے فونز کی منصوبہ بندی سے مکمل طور پر نکال دیا گیا ہے۔

نوٹ سیریز کو ختم کرنے کی بنیادی وجہ فولڈ ایبل فونز ہیں اور یہ فیصلہ قابل فہم بھی ہے۔

2019 میں گلیکسی نوٹ 10 کے ایک کروڑ 27 لاکھ یونٹ فروخت ہوئے جبکہ 2020 میں گلیکسی نوٹ 20 کے 97 لاکھ ماڈلز فروخت ہوئے۔

اس کے برعکس گلیکسی زی فولڈ کے ایک کروڑ 30 لاکھ یونٹ فروخت ہوچکے ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سام سنگ کی جانب سے گلیکسی نوٹ 20 اور نوٹ 20 الٹرا کی پروڈکشن بھی 2022 بھی روک دی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں