شعبہ ٹرانسپورٹ میں ویکسینیشن پر عملدرآمد کرانے کی مہم میں تیزی

اپ ڈیٹ 13 دسمبر 2021
مہم 8 دسمبر سے شروع ہوئی تھی اور رواں ماہ کی 18 تاریخ تک جاری رہے گی — فائل فوٹو: اے ایف پی
مہم 8 دسمبر سے شروع ہوئی تھی اور رواں ماہ کی 18 تاریخ تک جاری رہے گی — فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں لازمی ویکسی نیشن پر عملدرآمد کی مہم کے دوران ملک بھر میں 12 ہزار 73 گاڑیوں کا معائنہ کیا گیا جس میں سے 172 کو ضبط کیا گیا جبکہ 37 گرفتاریاں عمل میں آئیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق خصوصی مہم کے تحت یہ معائنے تمام وفاقی اکائیوں نے مشترکہ مانیٹرنگ ٹیموں (جے ایم ٹی) کے ذریعے کیے تاکہ شعبہ ٹرانسپورٹ میں ویکسی نیشن کو لازمی بنایا جاسکے۔

مذکورہ مہم 8 دسمبر سے شروع ہوئی تھی اور رواں ماہ کی 18 تاریخ تک جاری رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: اومیکرون کے تین مشتبہ کیسز کے نتائج آئندہ 24 گھنٹے میں موصول ہوں گے، این آئی ایچ

این سی او سی نے بتایا کہ جے ایم ٹیز کو شہروں کے اندر یا درمیان چلنے والے ہر قسم کی نجی و پبلک ٹرانسپورٹ کا داخلی و خارجی مقام، ٹول پلازوں، بس اڈوں، انٹرچینجز، صوبائی حدود میں ٹھہرنے کے مقامات، قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر معائنے کرنے کا اختیار ہے۔

فورم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’صرف ویکسین لگوانے والے افراد اور طبی استثنیٰ کا سرٹیفکیٹ رکھنے والے افراد کو ہی سفر کی اجازت دی جائے گی‘۔

ساتھ ہی کہا گیا کہ موبائل ویکسی نیشن ٹیموں کے ذریعے گاڑی کے غیر ویکسین شدہ عملے یا مسافروں کو موقع پر ہی ویکسین لگانے کا بندوبست کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: 2 کووڈ ویکسینز کا امتزاج طاقتور مدافعتی ردعمل کے حصول میں مددگار قرار

اس لازمی شرط پر عملدرآمد کے لیے جن علاقوں کا معائنہ کیا گیا ان میں راولپنڈی، اسلام آباد، لودھراں، اوکاڑہ، کیماڑی، حافظ آباد، لاہور، قصور، ملتان، جہلم اور شاہ کوٹ شامل ہیں۔

دوسری جانب این سی او سی کے اعداد و شمارکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 244 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 6 افراد انتقال کر گئے۔

اس وقت ملک میں وائرس کے 9 ہزار 48 فعال کیسز موجود ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں