پاکستانی شائقین فلم ’83‘ دیکھ کر بہت خوش ہوں گے، رنویر سنگھ

18 دسمبر 2021
فلم کو آئندہ ہفتے ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ
فلم کو آئندہ ہفتے ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ

بولی وڈ اداکار رنویر سنگھ نے کہا ہے کہ ان کی آنے والی اسپورٹس فلم ’83‘ کو دیکھ پر پاکستانی فلمی اور کرکٹ شائقین بہت خوش ہوں گے۔

رنویر سنگھ کی فلم ’83‘ کو آئندہ ہفتے کرسمس کے موقع پر 24 دسمبر کو ریلیز کیا جائے گا جو کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کی جانب سے جیتے گئے پہلے ورلڈ کپ 1983 کی جدوجہد پر بنائی گئی ہے۔

مذکورہ فلم کی پروموشن کے لیے حال ہی میں جب رنویر سنگھ اہلیہ ادکارہ دپیکا پڈوکون اور دیگر کے ہمراہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی پہنچے تو صحافیوں سے بات کرنے کے دوران ایک پاکستانی صحافی نے ان سے فلم سے متعلق سوال کیا۔

پاکستانی صحافی کے سوال پر رنویر سنگھ نے ان کی آواز سے ہی انہیں پہچان لیا کہ سوال کرنے والا شخص پاکستانی ہے۔

بعد ازاں رنویر سنگھ نے پاکستانی صحافی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کی آنے والی فلم میں ایک خاص سین ہے، جسے دیکھ پر پاکستانی شائقین بہت خوش ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کرکٹ پر بنی بولی وڈ فلم ’83‘ آئندہ ماہ ریلیز کرنے کا اعلان

رنویر سنگھ نے ہنستے ہوئے کہا کہ ابھی وہ مذکورہ سین سے متعلق کچھ نہیں بتا سکتے، تاہم وہ یقینی طور پر کہتے ہیں کہ اسے دیکھ کر پاکستانی شائقین بہت خوش ہوں گے اور پاکستانیوں کو ’83‘ ہر حال میں دیکھنی چاہیے۔

اسی دوران بات کرتے ہوئے رنویر سنگھ نے کہا کہ ’83‘ فلم بہت ہی پیاری مووی ہے اور اسے ہر فلم اور کرکٹ مداح کو دیکھنا چاہیے۔

دبئی کے برج خلیفہ پر ان کی فلم کے ٹریلر کی کلپس بھی دکھائی گئی تھیں جب کہ اس سے قبل ’83‘ کو گزشتہ ہفتے سعودی عرب میں ہونے والے عالمی فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا گیا تھا۔

اسپورٹس فلم ’83‘ کا ٹریلر گزشتہ ماہ نومبر میں جاری کرتے ہوئے اسے 24 دسمبر کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: ’83‘ میں رنویر سنگھ، کپل دیو بنیں گے

فلم کی کہانی بھارت کی جانب سے 1983 میں جیتنے والے پہلے کرکٹ ورلڈ کپ کے گرد گھومتی ہے، جس میں رنویر سنگھ کرکٹ ٹیم کے اس وقت کے کپان کپل دیو کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔

دپیکا پڈوکون فلم میں بھی رنویر سنگھ کی اہلیہ یعنی کپل دیوی کی بیوی رومی بھاٹیا کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی جب کہ فلم کی دیگر کاسٹ میں سلیم ثاقب، پنکج ترپاتھی اور بومن ایرانی سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔

فلم کے جاری کیے گئے ٹریلر میں 1983 کا کرکٹ ورلڈ کپ کھیلنے والی بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں کے کردار ادا کرنے والے اداکاروں کو دکھایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دپیکا پڈوکون ’83‘ میں رنویر سنگھ کی بیوی بننے کو تیار

فلم میں دپیکا پڈکون کے کردار سمیت ویسٹ انڈیز اور دیگر ممالک کے اعلیٰ سرکاری عہدیداروں اور کرکٹ انتظامیہ سمیت کھلاڑیوں کو بھی دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر میں اس وقت کی بھارتی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں جن میں روی شاستری اور محمد اظہر الدین بھی شامل ہیں، انہیں بھی دکھایا گیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں