ڈر تھا کہ ’گوری خان‘ مر جائیں گی، شاہ رخ خان

06 جنوری 2022
دونوں نے 1991 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے 1991 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ ’بادشاہ‘ شاہ رخ خان نے ماضی میں ایک بار انٹرویو میں کہا تھا کہ جب ان کے ہاں پہلے بیٹے آریان خان کی پیدائش متوقع تھی تب انہیں ڈر لگا تھا کہ ان کی اہلیہ ’گوری خان‘ مر جائیں گی۔

شوبز ویب سائٹ ’پنک ولا‘ کے مطابق شاہ رخ خان نے جنوری 1998 میں بیٹے کی پیدائش کے چند ماہ بعد ایک انٹرویو میں بیوی کے مرنے کے خطرات پر بات کی تھی اور بتایا تھا کہ انہیں کیوں لگ رہا تھا کہ وہ گوری خان کو کھو دیں گے۔

شاہ رہ خان اور گوری خان نے 25 اکتوبر 1991 میں شادی کی تھی، ان کی اہلیہ ہندو ہیں اور دونوں کی کامیاب شادی کو 31 سال کا عرصہ گزر چکا ہے۔

جوڑے کے ہاں پہلا بچہ آریان خان 1997 میں ہوا تھا اور اپنے ہاں بیٹے کی پیدائش سے قبل شاہ رخ اپنے والدین کو ہسپتال میں کھو چکے تھے۔

والدین کے ہسپتال میں بیماری کے بسترے پر مرنے کے بعد جب شاہ رخ خان کی اہلیہ بچے کی پیدائش کے وقت ہسپتال میں داخل ہوئیں تو اداکار اس خوف میں مبتلا ہوگئے کہ ان کی اہلیہ دوران زچگی چل بسیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ نے شادی کی رات بھی فلم سیٹ پر گزاری، اہلیہ

مذکورہ معاملے پر شاہ رخ خان نے 1998 کے آغاز میں دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ چوں کہ ان کے والدین ہسپتال میں زندگی کی باز ہار چکے تھے، اس وجہ سے انہیں ہسپتال سے ڈر لگتا تھا۔

شاہ رخ خان نے بتایا تھا کہ دوران حمل اگرچہ گوری خان کے ساتھ کوئی پیچیدگیاں نہیں تھیں مگر بچے کی پیدائش کے وقت ان کا آپریشن کرنا پڑا تھا، جس وجہ سے انہیں خدشہ ہوگیا تھا کہ ان کی اہلیہ ’سیزر‘ کے دوران چل بسیں گی۔

گوری خان پیدائشی ہندو ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
گوری خان پیدائشی ہندو ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

بولی وڈ بادشاہ کا کہنا تھا کہ اگرچہ انہیں معلوم تھا کہ عام طور پر خواتین بچوں کی پیدائش کے وقت زندگی کی بازی نہیں ہارتیں مگر ان کے دل میں خوف پیدا ہو چکا تھا کہ گوری خان مر جائیں گی۔

مزید پڑھیں: شادی سے قبل گوری کی فیملی کو بے وقوف بنایا،شاہ رخ

شاہ رخ خان نے اعتراف کیا کہ آپریشن کے بعد ان کے ہاں پہلے بیٹے آریان خان کی پیدائش ہوئی تو ان کا خوف ختم ہوا۔

شاہ رخ خان اور گوری خان کا شمار بولی وڈ کی رومانوی جوڑیوں میں ہوتا ہے، اداکار کی اہلیہ فیشن ڈیزائنر سمیت فلموں کی پروڈیوسر بھی ہیں۔

ان کے سب سے بڑے بیٹے آریان خان کے حوالے سے خبریں ہیں کہ وہ بھی جلد اداکاری کا آغاز کریں گے جب کہ ان کی بڑی صاحبزادی سہانا خان بھی ماڈلنگ کے کچھ منصوبوں پر کام کر چکی ہیں۔

جوڑے کے سب سے چھوٹے بیٹے ابراہم خان ابھی زیر تعلیم ہیں اور ان کی عمر 10 سال سے بھی کم ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں