تقریب منعقد کیے بغیر ’گولڈن گلوب ایوارڈز‘ کے فاتحین کا اعلان

10 جنوری 2022
تقریب منعقد کیے بغیر ایوارڈز کا اعلان کردیا گیا—فوٹو: رائٹرز
تقریب منعقد کیے بغیر ایوارڈز کا اعلان کردیا گیا—فوٹو: رائٹرز

’آسکر‘ کے بعد فلمی دنیا کے دوسرے معتبر ترین ایوارڈ کا اعزاز رکھنے والے ’گولڈن گلوب ایوارڈز‘ کے فاتحین کا اعلان تقریب اور ریڈ کارپٹ سجائے بغیر کردیا گیا۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ’گولڈن گلوب ایوارڈز‘ کی تقریب 10 جنوری کو منعقد ہونی تھی مگر ایوارڈز کا انتظام کرنے والے منتظم ادارے پر مختلف رنگ و نسل کے افراد کو مواقع نہ دیے جانے کے الزامات کے بعد اس کی تقریب کو منعقد نہیں کیا گیا۔

ایسا 79 سال میں پہلی بار ہوا ہے کہ ادارے پر مختلف رنگ و نسل کے افراد کو مواقع فراہم نہ کرنے کے الزامات کی وجہ سے تقریب کو منعقد نہ کیا گیا ہوا، اس سے قبل گزشتہ دو سال سے کورونا کی وجہ سے تقریب کو آن لائن یا محدود پیمانے پر منعقد کیا جاتا رہا۔

ایوارڈز کی تقریب کو این بی سی ٹی وی پر دکھایا جانا تھا مگر ٹی وی چینل نے بھی ایوارڈز دینے والے ادارے پر الزامات کی وجہ سے تقریب کو نشر کرنے سے معذرت کی تھی۔

تقریب کو منعقد نہ کیے جانے کے بعد گولڈن گلوب انتظامیہ نے ایوارڈز کے فاتحین کا اعلان کردیا اور مجموعی طور پر 25 کیٹیگریز میں ایوارڈز دیے گیے۔

انتظامیہ کے مطابق معروف فلم ساز اسٹیون اسپلبرگ کی رومانٹک ٹریجڈی ڈراما فلم ’ویسٹ سائڈ اسٹوری‘ نے مجموعی طور پر تین ایوارڈز اپنے نام کیے۔

اسی طرح ’پاور آف دی ڈاگ‘ کو بھی تین ایوارڈز ملے، مذکورہ فلم نے ’بیسٹ ڈراما فلم، ’بیسٹ سپورٹنگ ایکٹر‘ اور’بیسٹ ڈائریکٹر‘ کے ایوارڈز ملے

’ویسٹ سائڈ اسٹوری‘ نے ’بیسٹ میوزیکل اینڈ کامیڈی فلم، بیسٹ میوزیکل کامیڈی اور بیسٹ سپورٹنگ ایکٹریس‘ کے ایوارڈز اپنے نام کیے۔

اس بار امریکی مخنث اداکارہ مشیل جائے ردریگز کو بھی ’بیسٹ ٹیلی وژن سیریز ایکٹریس‘ کا ایوارڈز دیا گیا اور وہ گولڈن گلوب ایوارڈ جیتنے والی پہلی ٹرانس جینڈر اداکارہ بن گئیں۔

.`

’بیسٹ ڈراما فلم‘ کا ایوارڈ ’دی پاور آف ڈاگ‘ کو ملا، بہترین اداکارہ کا ایوارڈ نکولو کڈمین جب کہ بہترین اداکار کا ایوارڈ ول اسمتھ لے اڑے۔

’بیسٹ اینیمیٹڈ فلم‘ کا ایوارڈ ’اینکانٹو‘ کو دیا گیا، ’بیسٹ غیر ملکی فلم‘ کا ایوارڈ جاپانی فلم ’ڈرائیو مائے کار‘ کے حصے میں آیا۔

اس بار گولڈن گلوب کے سالانہ 79ویں ایوارڈز کے فاتحین کا اعلان کیا گیا، سال 2021 میں بھی کورونا کی وجہ سے تقریبا تین ماہ کی تاخیر سے مارچ کے اختتام پر تقریب منعقد کی گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں