پاکستان کا عالمی طاقتوں کے جوہری عدم پھیلاؤ کو یقینی بنانے کے عہد کا خیر مقدم

اپ ڈیٹ 13 جنوری 2022
پی-5 مشترکہ بیان سے متعلق سوالات کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان جاری کیا—فائل فوٹو: عرب نیوز
پی-5 مشترکہ بیان سے متعلق سوالات کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان جاری کیا—فائل فوٹو: عرب نیوز

پاکستان نے دنیا کی پانچ بڑی ایٹمی قوتوں کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے اور کسی جوہری تصادم سے بچنے کے عہد کا خیر مقدم کیا ہے۔

پی-5 مشترکہ بیان سے متعلق سوالات کے جواب میں ایک بیان جاری کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جوہری جنگ کی روک تھام اور ہتھیاروں کی دوڑ سے بچنے کے بارے میں پی-5 کا مشترکہ بیان ایک مثبت پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کے درمیان یہ مفاہمت عالمی اور علاقائی سطح پر تزویراتی استحکام کے لیے ٹھوس اقدامات کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایک ذمہ دار جوہری ریاست کے طور پر پاکستان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے تخفیف اسلحہ کے پہلے خصوصی اجلاس کی شرائط کے مطابق غیر منقطع سیکورٹی وضاحتی غور کے ساتھ عالمی اور غیر امتیازی جوہری تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلاؤ کے مقاصد کی حمایت کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:عالمی طاقتوں کا جوہری عدم پھیلاؤ کو یقینی بنانے کا عہد

ان کا کہنا تھا کہ بیان جوہری تخفیف اسلحہ پر بامعنی پیش رفت کے لیے سازگار حفاظتی ماحول پیدا کرنے کی ضرورت کو بجا طور پر تسلیم کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اس میں ریاستوں کے بنیادی سلامتی کے خدشات کو دور کرنا، بقیہ تنازعات کا پیسیفک تصفیہ، اور غیر مستحکم ہتھیاروں کی تعمیر کو روکنا شامل ہے جو عدم توازن کو بڑھاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا کے تناظر میں پاکستان کی ایک اسٹریٹجک ریسٹرینٹ رجیم کی تجویز جس میں جوہری اور میزائلوں کی روک تھام، روایتی توازن اور تنازعات کا حل شامل ہے، تزویراتی استحکام کو برقرار رکھنے اور فوجی تنازعات سے بچنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ اس سے جوہری ماحول میں جنگ کے لیے جگہ کے غلط تصورات کو بھی ترک کرنا پڑے گا۔

مزید پڑھیں:پاکستان جوہری ہتھیاروں کی روک تھام کے معاہدے کا پابند نہیں، دفترخارجہ

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان جوہری ہتھیاروں کے کسی بھی غیر مجاز یا غیر ارادی استعمال کے خلاف حفاظت کے لیے تمام جوہری طاقتوں کی جانب سے مؤثر اقدامات کی ضرورت سے مکمل اتفاق کرتا ہے۔

خیال رہے کہ 4 جنوری کو ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے پر ہونے والی نظر ثانی کے بعد جاری کردہ بیان میں اقوام متحدہ کے 5 مستقل ممالک یعنی امریکا، روس، چین، برطانیہ اور فرانس نے مشرق اور مغرب کے درمیان تناؤ کو ایک جانب رکھتے ہوئے دنیا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔

اپنے مشترکہ بیان میں ان ممالک کا کہنا تھا کہ ’ہم سمجھتے ہیں کہ ان ہتھیاروں کے مزید پھیلاؤ کو روکنا چاہیے‘ اور یہ کہ ’ایک ایٹمی جنگ کبھی جیتی نہیں جاسکتی اور اسے کبھی لڑا بھی نہیں جانا چاہیے‘۔

روس، چین اور مغربی ممالک کے ساتھ ان کے اختلافات کو ایک جانب رکھتے ہوئے ان 5 بڑی طاقتوں نے کہا تھا کہ وہ ’ایٹمی قوتوں کے درمیان جنگ سے بچنے اور اسٹریٹجک خطرات کم کرنے کو اپنی سب سے اہم ذمہ داری سمجھتے ہیں‘۔

یہ بھی پڑھیں:جوہری ہتھیاروں پر پابندی کا معاہدہ جنوری سے نافذ العمل ہو گا، اقوام متحدہ

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کے دور رس اثرات ہوتے ہیں، اس وجہ سے ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ جب تک یہ ہتھیار موجود رہیں گے ان کا استعمال صرف دفاعی مقاصد اور جنگ کو روکنے کے لیے کیا جائے گا‘۔

ان ممالک کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ہم میں سے ہر ملک ایٹمی ہتھیاروں کے بلا اجازت اور غیر ارادی استعمال کو روکنے کے حوالے سے قومی اقدامات کو برقرار رکھنے اور مزید مضبوط بنانے کا ارادہ رکھتا ہے‘۔

تبصرے (0) بند ہیں