سام سنگ کا نیا گلیکسی ایس فلیگ شپ فروری میں پیش کرنے کا اعلان

21 جنوری 2022
ایس 22 الٹرا کا ڈیزائن ایسا ہوسکتا ہے — فوٹو بشکریہ جی ایس ایم ایرینا
ایس 22 الٹرا کا ڈیزائن ایسا ہوسکتا ہے — فوٹو بشکریہ جی ایس ایم ایرینا

سام سنگ نے گلیکسی ایس 21 الٹرا کے ساتھ ایس پین سپورٹ دین کے ساتھ گزشتہ سال نوٹ سیریز کے نئے فونز پیش نہیں کیے تھے۔

اب ایسا لگتا ہے کہ کمپنی ایس اور نوٹ سیریز کو اکٹھا کررہی ہے جس کا عندیہ کمپنی نے خود دیا ہے۔

سام سنگ نے ابھی تک نئے فلیگ شپ گلیکسی ایس 22 سیریز کے فونز کو متعارف کرانے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا بس فروری میں پیش کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

ویسے افواہیں ہیں کہ یہ نئے فونز 8 فروری کو ایک ایونٹ میں متعارف کرائے جائیں گے۔

سام سنگ کے صدر ٹی ایم رو نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ لانچ میں ہم کیا توقع کرسکتے ہیں جبکہ کمپنی کی جانب سے ایک ٹیزر ٹریلر بھی یوٹیوب پر شیئر کیا گیا ہے۔

بلاگ پوسٹ میں سام سنگ کے صدر نے لکھا کہ ہم جانتے ہیں کہ بیشتر افراد اس وقت حیران رہ گئے تھے جب ہم نے گزشتہ سال نئے گلیکسی نوٹ کو پیش نہیں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فروری 2022 میں ان پیک ایونٹ میں ہم آپ کے لیے اب کی تیار کردہ سب سے نمایاں ایس سیریز ڈٰوائس متعارف کرا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئے گلیکسی ایس میں ہمارے تمام تر بہترین تجربات کو ایک ڈیوائس میں اکٹھا کیا جارہا ہے۔

انہوں نے رات کے وقت فوٹوگرافی، پاور اور پرفارمنس کو دیکھنے کا اشارہ بھی دیا۔

بلاگ پوسٹ کے اختتام پر ان کا کہنا تھا کہ تیار ہوجائیں الٹرا تجربے کے لیے۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ اپ گریڈ ممکنہ طور پر الٹرا ماڈل تک ہی محدود ہوگی۔

کمپنی نے تاریخ کا اعلان تو نہیں کیا مگر پری آرڈر کا ایک اسپاٹ ریزرو کرانے کا آپشن ضرور دے دیا ہے اور ایک لنک میں جاکر ایسا کیا جاسکتا ہے۔

قبل ازیں گلیکسی ایس 22 الٹرا کی جو نئی تصاویر لیک ہوئی تھیں ان سے بھی عندیہ ملتا ہے کہ یہ نیا فون نوٹ 20 الٹرا سے کافی ملتا جلتا ہوگا۔

ایس پین اسٹائلوس کے ساتھ اس فون میں بیک پر 108 میگا پکسل کیمرا سپر کلیئر لینس سے لیس ہوگا جس کے ساتھ 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 10، 10 میگا پکسل کے 2 ٹیلی فوٹو کیمرے ہوں گے جو 3 ایک اور 10 زوم سپورٹ فراہم کریں گے۔

فون کا کیمرا سیٹ اپ 12 bit ایچ ڈی آر ویڈیو ریکارڈ اور آٹو فریم ریٹ سپورٹ سے بھی لیس ہوگا۔

فون کے فرنٹ پر 6.8 انچ کا امولیڈ ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ ہوگا جبکہ 40 میگا پکسل سیلفی کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں چھپا ہوا ہوگا۔

لیکس کے مطابق اسکرین کے لیے ایل ٹی پی او ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی تاکہ وہ 1 سے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ میں ایڈجسٹ کرسکے۔

اسکرین کے تحفظ کے لیے گوریلا گلاس وکٹس پلس کو استعمال کیا جائے گا۔

آئی پی 68 ریٹڈ واٹر اور ڈسٹ ریزیزٹنس کے ساتھ 5000 ایم اے ایچ بیٹری کے لیے 45 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ موجود ہوگی مگر ساتھ میں چارجر دستیاب نہیں ہوگا۔

15 واٹ وائرلیس چارجنگ بھی فون کا حصہ ہے جبکہ ڈوئل اسپیکرز ڈولبی ایٹموس سپورٹ کے ساتھ ہوں گے۔

گلیکسی ایس 22 الٹرا میں اینڈرائیڈ 12 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج سام سنگ کے ون یو آئی 4.1 سے کیا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں