ملک میں کورونا کا پھیلاؤ جاری، 6 ہزار 540 نئے کیسز رپورٹ، 12 اموات

اپ ڈیٹ 23 جنوری 2022
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا کیسز کی شرح 11.1 فیصد رہی — فائل فوٹو: اے پی
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا کیسز کی شرح 11.1 فیصد رہی — فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے مزید 6 ہزار 540 مثبت کیسز سامنے آئے جبکہ مزید 12 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا کیسز کی شرح 11.1 فیصد رہی۔

ملک میں کورونا کے مجموعی کیسز کی تعداد 13 لاکھ 60 ہزار 19 تک جاپہنچی ہے جبکہ مہلک وائرس سے جاں بحق شہریوں کی مجموعی تعداد 29 ہزار 77 ہوگئی۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں کورونا کے 58 ہزار 902 ٹیسٹ کیے گئے۔

ملک میں مزید ایک ہزار 119 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہوئے جس کے ساتھ ملک میں وبا سے شفایاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 67 ہزار 598 ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں کورونا کیسز 3 ہزار سے متجاوز، صوبے میں اِن ڈور تقریبات پر پابندی عائد

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 63 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ زیر علاج مریضوں میں سے ایک ہزار 55 کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے مختلف حصوں میں کیسز اور اموات کی صورتحال درج ذیل ہے:

  • سندھ: 3 ہزار 541 کیسز، 3 اموات
  • پنجاب: 1 ہزار 456 کیسز، 4 اموات
  • اسلام آباد: 892 کیسز، 4 اموات
  • خیبر پختونخوا: 462 کیسز، 1 موت
  • بلوچستان: 43 کیسز
  • آزاد کشمیر: 133 کیسز
  • گلگت بلتستان: 13 کیسز

کورونا کی روک تھام کے لیے ملک بھر میں ویکسین لگوانے کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہےاور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں 7 لاکھ 58 ہزار 982 شہریوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئیں۔

این سی او سی کے مطابق ملک میں مجموعی طور پر اب تک ویکسینز کی 17 کروڑ 14 لاکھ 70 ہزار سے زائد خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔

یہ ملک کی مجموعی آبادی کا 35 فیصد اور ویکسین کے لیے اہل قرار دیے گئے افراد کی مجموعی تعداد کا 52 فیصد ہے۔

وبا کی پانچویں لہر

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان میں کورونا وائرس کے 7 ہزار 678 نئے کیسز سامنے آئے تھے جو وبا کے آغاز سے اب تک ایک روز میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی سب سے بڑی تعداد تھی۔

کورونا وائرس کے ویرینٹ او میکرون کے بڑھتےہوئے کیسز کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب مساجد اور عبادت گاہوں کے لیے ایس پیز کا اعلان کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اومیکرون ویرینٹ: مساجد اور عبادت گاہوں میں صرف ویکسینیٹڈ افراد کو داخلے کی اجازت

این سی او سی کے فیصلے کے مطابق مساجد اور عبادت گاہوں میں صرف ویکسینیٹڈ افراد کو داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز این سی او سی کی جانب سے اسکولوں کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ تعلیمی اداروں میں اگلے دو ہفتوں کے دوران ٹیسٹ کی شرح میں تیزی سے اضافہ کیا جائے گا اور خاص کر ان شہروں میں جہاں وائرس کا پھیلاؤ زیادہ ہے۔

یہاں یہ بات مدِ نظر رہے کہ این سی او سی کی جانب سے وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیسز کی 10 فیصد سے زائد مثبت شرح والے علاقوں میں انڈور تقریبات، اور ڈائننگ پر پابندی لگائی جاچکی ہے۔

علاوہ ازیں ان علاقوں میں 12 سال سے کم عمر بچوں کے لیے 50 فیصد حاضری کے ساتھ ایک دن چھوڑ کر ایک دن اسکولز کھولنے کی ہدایت کی گئی ہے اور 12 سال سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسینیشن کے ساتھ 100 فیصد حاضری کی اجازت دی گئی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں