انتخابات میں مقابلہ اپوزیشن سے نہیں بلکہ مہنگائی سے ہے، حماد اظہر

22 جنوری 2022
وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر لاہور میں نیوز کانفرنس کر رہے تھے—فوٹو: ڈان نیوز
وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر لاہور میں نیوز کانفرنس کر رہے تھے—فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر حماد اظہر نے ملک میں مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے انتخابات میں ہمارا مقابلہ اپوزیشن سے نہیں ہے بلکہ ہمارا مقابلہ ملک میں موجود مہنگائی سے ہے، ہمارا مقابلہ اس اپوزیشن سے نہیں جس کا کرپٹ چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے۔

اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پاناما کیس میں وہ بے نقاب ہوئی، اپوزیشن رہنماوں کے چپراسیوں اور بے نامی پاپڑ والے، فالودے والے کے اکاونٹس سے 4،4 ارب روپے نکل رہے ہیں، ہمارے دور میں ہونے والی تحقیقات نے ماضی کے حکمران دونوں خاندانوں کی کرپشن بے نقاب کی ، اس سے زیادہ عوام کو ان کی کرپشن کے اور کیا ثبوت چاہئیں۔

لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے مزید کہا کہ کوئی ایسا عالمی مالیات اسکینڈل نہیں جس میں اپوزیشن رہنماوں کا نام نہ ہو، یہ کس کے پیسے ہیں، یہ عوام کے لوٹے گئے پیسے ہیں اور عوام یہ تمام باتیں اچھی طرح جانتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:اپوزیشن کے این آر او کی رقم قوم کو ادا کرنی پڑ رہی ہے، حماد اظہر

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے معاملے کو سمجھنے کی ضرورت ہے، ایسا نہیں ہے کہ ہمیں مہنگائی کا احساس نہیں ہے، ہمیں ملک میں موجود مہنگائی کا احساس ہے اور ہم اس کا مقابلہ کرنے کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں ہم سے زیادہ غربت ہے، وہاں ہمارے ملک سے دگنی غربت ہے، وہاں تیل کی قیت بھی ہم سے ڈبل ہے، پڑوس میں مہنگائی کے سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں، بنگلہ دیش میں بھی بہت مہنگائی ہے، سری لنکا ڈیفالٹ کے قریب آگیا ہے، دیوالیہ ہوگیا ہے، کیا یہ ممالک ہمارے ملک کی انکم لیول کے ملک نہیں ہیں؟

وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا کا کوئی ملک کورونا کی وبا کے اثرات اور عذاب سے محفوظ نہیں رہا، پاکستان پر بھی اس کے اثرات ظاہر ہوئے ہیں، ہمیں امید ہے کہ جتنی تیزی سے عالمی سطح پر قیمتیں اوپر گئی ہیں اسی تیزی سے اگلے چند ماہ میں واپس نیچے بھی آئیں گی اور اپنے منصوبوں اور اقدامات کی بدولت جلد ہم مہنگائی کے چیلنج پر قابو پالیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:عدالتی حکم کے باعث گھریلو گیس صارفین کی طلب پوری نہیں کر پارہے، حماد اظہر

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے لیے تیاری ہے، ہماری پارٹی کی سینئر قیادت اس حوالے سے تنظیم سازی کر رہی ہے، بلدیاتی امیدواروں اور میئر کے انتخاب کے حوالے سے بھی پارٹی قیادت غور کرے گی، بڑے شہروں کے میئرز کے ناموں پر غور کے لیے پارٹی کا پارلیمانی بورڈ بنے گا اور اس معاملے پر وزیراعظم عمران خان باریک بینی سے غور کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی لاہور کےعوام کو اچھی باصلاحیت اور ایمان دار قیادت فراہم کرے گی، ماضی میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے متعارف کردہ ٹھیکدار، سرمایہ دار مافیا کے کلچر سے لاہور کے شہریوں کی جان چھڑائیں گے، اور لاہور کے چند علاقوں تک محدود ترقی کو پورے شہر تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ترقی کررہی ہے، ملک میں مہنگائی کی وجہ عالمی سطح پر ہونے والی مہنگائی ہے، جس کا مقابلہ کرنے کے لیے احساس پروگرام شروع کیا گیا ہے اور اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے انصاف صحت کارڈ کو متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت ہر گھرانے کے ہر فرد کو پورے ملک کے سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں 10 لاکھ روپے کے علاج معالجے کی سہولت حاصل ہوگی، یہ صحت کے شعبے میں انقلابی اقدام ہے۔

مزید پڑھیں:پرویز خٹک نے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں صرف گیس کے نئے کنکشن سے متعلق بات کی، حماد اظہر

ان کا کہنا تھا کہ اقتدار میں آتے ہی ہماری حکومت کو چار بڑے مسائل کا سامنا کرنا پڑا، گزشتہ حکومت ہمیں دیوالیہ ملک دے کر گئیں، تاریخ کا سب سے بڑا کرنٹ اکاونٹ خسارہ چھوڑ کر گئیں، اپنے آخری 17 ماہ کے دوران شرح نمو زیادہ دکھانے کے لیے زرمبادلہ کے دخائر آدھے کر گئی، ملک اتنی بری حالت میں تھا جس کے بارے میں کہا گیا کہ دیوالیہ ہو جائےگا لیکن ہمارے اقدامات کی بدولت اور دوست ممالک کے تعاون سے ہم نے ملک کو نہ صرف دیوالیہ ہونے سے بچایا بلکہ آج ملک کو ہائی گروتھ ریٹ پر لے کر آگئے ہیں اور زرمبادلہ کے دخائر دوگنا سے بھی زیادہ کردیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوسری بڑی مصیبت کورونا وبا ہے جو صدی میں ایک بار آتی ہے، اس خطرناک وبا کا جس حکمت عملی سے ہماری حکومت نے مقابلہ کیا اس کی دنیا نے تعریف کی۔

ان کہنا تھا کہ اس کے بعد تیسرا بحران جس کا ہم نے مقابلہ کیا، وہ افغانستان کا بحران تھا، جس سے ہماری معیشت پر دباؤ آیا کیونکہ افغانستان کی صورت حال کے باعث ڈالر اور ہماری اشیا کا آوٹ فلو بڑھ گیا۔

انہوں نے کہا کہ چوتھا بحران جس کا ہماری حکومت نے مقابلہ کیا وہ یہ سپر کوموڈیٹی سائیکل جو 15، 20 سال میں عالمی منڈی میں ایک بار آتا ہے، جس سے اشیا کی قیمتیں یک دم بلند ہوجاتی ہیں، یہ سائیکل 2008 میں بھی آیا تھا اس وقت مہنگائی کی شرح 25 فیصد تک ہوگئی تھی جبکہ آج ملک میں مہنگائی کی وہ شرح نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گردشی قرضوں میں اضافے کی وجہ سابقہ حکومت کے بجلی کے مہنگے معاہدے ہیں، حماد اظہر

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ان سب مسائل اور مشکلات اور چیلنجز کے باوجود جس طرح سے ہماری حکومت نے حالات کا مقابلہ کیا، حالات کو سنبھالا اور اب جو معاشی صورتحال ہے، معیشت کے جو اشاریے ہیں وہ ہماری حکومت کا کارنامہ ہے، ان حالات میں کوئی اور حکومت ہوتی تو صورت حال بہت خراب ہوتی۔

صدارتی نظام کے نفاذ سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ صدارتی نظام سے متعلق بحث نئی نہیں ہے، بلکہ یہ بحث کافی برسوں سے چل رہی ہے اور آئندہ بھی چلتی رہے گی لیکن موجودہ مہم کے پیچھے ہماری حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے، ملک میں جو بھی نظام ہوگا وہ آئین اور قانون کے مطابق ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) جمہوریت کی حامی ہے اور پی ٹی آئی کی جانب سے متعارف کردہ بلدیاتی نظام اس کی بڑی مثال ہے، ماضی میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مفلوج بلدیاتی نظام متعارف کرایا گیا تھا لیکن ہم نے مؤثر اور فعال نظام متعارف کرایا جس کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں