• KHI: Fajr 5:12am Sunrise 6:28am
  • LHR: Fajr 4:42am Sunrise 6:02am
  • ISB: Fajr 4:46am Sunrise 6:09am
  • KHI: Fajr 5:12am Sunrise 6:28am
  • LHR: Fajr 4:42am Sunrise 6:02am
  • ISB: Fajr 4:46am Sunrise 6:09am

لتا منگیشکر تاحال آئی سی یو میں داخل، ڈاکٹرز کا تفصیلات فراہم کرنے سے گریز

شائع January 24, 2022
گلوکارہ سے متعلق افواہیں ہیں کہ ان کی صحت مزید بگڑ گئی—فائل فوٹو: فیس بک
گلوکارہ سے متعلق افواہیں ہیں کہ ان کی صحت مزید بگڑ گئی—فائل فوٹو: فیس بک

بھارت کی لیجنڈری گلوکارہ 92 سالہ لتا منگیشکر گزشتہ 16 دن سے انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں داخل ہیں جب کہ ان کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز بھی ان سے متعلق مفصل معلومات فراہم کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔

بھارتی اخبار ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق لتا منگیشر رواں ماہ 8 جنوری سے ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال کے آئی سی یو میں داخل ہیں، جہاں سینیئر ڈاکٹرز ان کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔

اخبار نے گلوکارہ کا علاج کرنے والی ٹیم میں شامل ایک ڈاکٹر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ لتا منگیشکر کی صحت میں کچھ بہتری آئی ہے مگر تاحال انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں ہی رکھا جائے گا۔

ڈاکٹر نے لتا منگیشکر کی صحت سے متعلق مفصل معلومات فراہم کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ لیجنڈری گلوکارہ کو مزید کئی دن تک آئی سی یو میں ہی رکھا جائے گا۔

اہل خانہ کے مطابق گلوکارہ کی حالت بدستور بہتر ہو رہی ہے—فائل فوٹو: فیس بک
اہل خانہ کے مطابق گلوکارہ کی حالت بدستور بہتر ہو رہی ہے—فائل فوٹو: فیس بک

لتا منگیشر کی صحت کے حوالے سے بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر مختلف افواہیں گردش کر رہی ہیں، بعض رپورٹس کے مطابق لیجنڈری گلوکارہ کی صحت پہلے سے بدتر ہوتی جا رہی ہے۔

تاہم لتا منگیشکر کے اہل خانہ، ہسپتال انتظامیہ اور گلوکارہ کی ٹیم میں شامل ارکان ان کی صحت سے متعلق پھیلنے والی افواہوں کو مسترد کرتے آ رہے ہیں۔

دو دن قبل مرکزی حکومتی وزیر اور سابق اداکارہ سمرتی ایرانی نے بھی ٹوئٹ میں کہا تھا کہ لتا منگیشکر کی صحت کے حوالے سے قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے، ان کی صحت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

لتا منگیشر کی صحت کے حوالے سے ماہرین صحت نے پہلے ہی واضح کیا تھا کہ انہیں کافی دن تک آئی سی یو میں رکھا جا سکتا ہے، کیوں کہ زائد العمری کی وجہ سے انہیں شدید طبی مسائل کا سامنا ہے۔

لیجنڈری گلوکارہ کو ابتدائی طور پر 8 جنوری کو ’نمونیا’ بخار کے بعد کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد ہسپتال منتقل کیا گیا تھا مگر اہل خانہ نے میڈیا میں 11 جنوری کو خبر دی تھی۔

تقریبا 16 دن گزر جانے کے باوجود لتا منگیشکر تاحال آئی سی یو میں داخل ہیں اور گزشتہ چند روز سے ان کی صحت اور زندگی سے متعلق بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر مختلف افواہیں بھی پھیل رہی ہیں۔

لیجنڈری گلوکارہ کو سانس لینے میں مشکلات کا مسئلہ دیرینہ ہے، انہیں دسمبر 2019 میں بھی سانس لینے میں تکلیف کے باعث ایک ماہ تک ہسپتال میں رکھا گیا تھا۔

لتا منگیشکر کو بھارت کی ہر دور کی مقبول گلوکارہ مانا جاتا ہے، وہ پاکستان کے علاوہ دیگر جنوبی ایشیائی ممالک میں بھی یکساں مقبول ہے۔

ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں 28 ستمبر 1929 کو پید اہونے والی لتا منگیشکر کو ان کی گلوکاری کے عوض بھارت کے بڑے سول ایوارڈز سمیت انہیں متعدد ایوارڈز سے بھی نوازا جاچکا ہے۔

لیجنڈری گلوکارہ کو 8 جنوری کو ہسپتال داخل کرایا گیا تھا—فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
لیجنڈری گلوکارہ کو 8 جنوری کو ہسپتال داخل کرایا گیا تھا—فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

کارٹون

کارٹون : 9 اکتوبر 2024
کارٹون : 8 اکتوبر 2024