شرمیلا فاروقی کا نادیہ خان کو ہتک عزت کا نوٹس، 5 کروڑ روپے ادا کرنے کا مطالبہ

اپ ڈیٹ 30 جنوری 2022
نادیہ خان نے شرمیلا فاروقی کی والدہ کے ہمراہ ویڈیو بنائی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
نادیہ خان نے شرمیلا فاروقی کی والدہ کے ہمراہ ویڈیو بنائی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کی قانونی ٹیم نے اداکارہ و ٹی وی میزبان نادیہ خان کو 5 کروڑ روپے کے ہتک عزت کا نوٹس بھجوا دیا۔

29 جنوری کو شرمیلا فاروقی کی جانب سے نوٹس ان کی والدہ کی ایک متنازع ویڈیو کے حوالے سے بھجوایا گیا۔

شرمیلا فاروقی نے انسٹاگرام اسٹوریز میں نوٹس بھجوانے کا بتایا جس میں نادیہ خان کو 15 دن میں اپنے جملے واپس لینے اور معذرت کے ساتھ ساتھ تلافی کے لیے 5 کروڑ روپے ادا کرنے کا کہا گیا ہے۔

اس سے قبل شرمیلا فاروقی نے نادیہ خان کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں شکایت بھی درج کروائی تھی۔

نادیہ خان نے کچھ دن قبل شرمیلا فاروقی کی والدہ انیسہ فاروقی کے ہمراہ اداکارہ صبور علی کی شادی کی تقریب میں ایک ویڈیو بنائی تھی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں نادیہ خان کو شرمیلا فاروقی کی عمر رسیدہ والدہ سے میک اپ، لباس اور زیورات سے متعلق سوال کیے گئے مگر میزبان کا انداز تمسخر اڑانے والا تھا، جس وجہ سے ان پر خوب تنقید بھی کی گئی۔

ہتک عزت کے نوٹس کے بعد نادیہ خان نے بھی شرمیلا فاروقی کو قانونی نوٹس بھیجنے کا اعلان کیا۔

انسٹاگرام پوسٹ میں انہوں نے بتایا کہ وہ شرمیلا فاروقی کو ایک خاتون کے خلاف توہین آمیز کلمات اور ہتک عزت پر 50 کروڑ روپے کے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج رہی ہیں۔

واضح رہے کہ شرمیلا فاروقی کی جانب سے ایف آئی آئی میں سائبر کرائم کے تحت مقدمہ دائر کرنے کے بعد نادیہ خان نے پنے یوٹیوب چینل پر 30 منٹ کی طویل ویڈیو میں شرمیلا فاروقی کی جانب سے مقدمہ دائر کروانے اور ان کی جانب سے اپنے خلاف نامناسب زبان استعمال کیے جانے کے معاملے پر بات کی۔

نادیہ خان نے ویڈیو میں اپنے شوہر کو بھی ساتھ بٹھایا، جنہوں نے بھی مذکورہ معاملے پر بات کی اور گواہی دی کہ انہیں اہلیہ کی جانب سے شرمیلا فاروقی کی والدہ انیسہ فاروقی کے ساتھ بنائی گئی ویڈیو میں کوئی نامناسب بات نظر نہیں آئی۔

طویل ویڈیو میں نادیہ خان نے شرمیلا فاروقی کے عمل پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ انہیں سمجھ نہیں آتا کہ رکن سندھ اسمبلی کو اپنی والدہ کی عزت کی پرواہ کیوں نہیں اور ان کے ذہن میں یہ سوال بھی ہے کہ آخر شرمیلا کو اپنی والدہ خوبصورت کیوں نظر نہیں آتیں؟

نادیہ خان نے کہا کہ ان کی جانب سے انیسہ فاروقی کے ساتھ بنائی گئی ویڈیو کو دوبارہ اور غور سے دیکھا جائے اور بتایا جائے کہ انہوں نے کہاں اور کون سے نامناسب الفاظ استعمال کیے؟

ٹی وی میزبان اور اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے تو شرمیلا فاروقی کی والدہ کی عزت کی اور ان کے ساتھ بڑے ادب و پیار کے ساتھ گفتگو کی مگر نہ جانے کیوں رکن سندھ اسمبلی کو یہ بات بری لگی؟

انہوں نے سوال کیا کہ آخر شرمیلا فاروقی کو ایسا کیوں لگتا ہے کہ ان کی والدہ خوبصورت نہیں ہیں یا انہیں عزت نہ دی جائے؟

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں