ملکہ ترنم کی بیٹی نے ’نور جہاں‘ کے نام سے فیشن برانڈ متعارف کرادیا

03 فروری 2022
ابتدائی طور پر صرف کپڑے متعارف کرائے گئے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
ابتدائی طور پر صرف کپڑے متعارف کرائے گئے ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

آواز کی جادوگرنی اور مایہ ناز گلوکارہ ملکہ ترنم کی صاحبزادی نازیہ اعجاز نے والدہ کے نام س فیشن برانڈ متعارف کرادیا۔

وژوئل اور میک اپ آرٹسٹ نازیہ اعجاز نے اپنی انسٹاگرام ویڈیو میں مداحوں کو بتایا کہ دیگر انسانوں کی طرح وہ بھی سب سے زیادہ محبت اپنی والدہ سے کرتی ہیں اور چوں کہ ان کی والدہ سے دیگر لوگ بھی پیار کرتے ہیں، اسی لیے انہوں نے ان کے نام سے برانڈ متعارف کرایا۔

انہوں نے انسانی زندگی پر والدہ کے اثرات و اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ملکہ ترنم ان کی شخصیت پر اس قدر اثر انداز ہیں کہ آج تک انہوں نے والدہ کو اپنے وجود سے الگ محسوس ہی نہیں کیا۔

نازیہ اعجاز کے مطابق ان کا شوق تصاویر اور وژوئل بنانا تھا، تاہم وہ فیشن، میک اپ اور آرٹ کی بھی فین ہیں اور انہیں یہ سب اپنی والدہ ملکہ ترنم نورجہاں سے ورثے میں ملا۔

انہوں نے ویڈیو میں بتایا کہ ان کی والدہ پاکستان میں ایک فیشن آئیکون تھیں اور ان کے لباس اور انداز کو پسند کیا جاتا تھا، اسی لیے انہوں نے ان کے نام سے ہی دیدہ زیب ملبوسات کا برانڈ متعارف کرایا ہے۔

ملکہ ترنم کی صاحبزادی کے مطابق ان کی والدہ نے بدلتے وقت کے ساتھ اپنے میک اپ، لباس، اسٹائل اور فیشن کو بھی تبدیل کیا، جس وجہ سے وہ آئیکون رہیں۔

نازیہ اعجاز نے بتایا کہ انہوں نے والدہ سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ’نور جہاں بائے نازیہ‘ کے نام سے فیشن برانڈ متعارف کرایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی والدہ کے دستخط کو برانڈ کی ہر بنائی چیز میں استعمال کریں گی۔

نازیہ اعجاز نے لوگوں سے اپیل کی کہ جس طرح وہ ان کی والدہ کو چاہتے تھے، جس قدر لوگ ملکہ ترنم کو پیار اور محبت دیتے رہے، اسی طرح ان کے نام سے متعارف کرائے گئے برانڈ کو بھی سپورٹ کیا جائے۔

’نور جہاں بائے نازیہ‘ کے بینر تلے ابتدائی طور پر وژوئل آرٹسٹ نے دیدہ زیب خواتین کے لباس متعارف کرائے ہیں، تاہم ممکنہ طور پر وہ میک اپ سمیت دیگر مصنوعات بھی متعارف کرائیں گی۔

مذکورہ برانڈ نے حال ہی میں نئے سال کی مناسبت سے بھی نئی ملبوسات متعارف کرائی تھیں، جنہیں کافی پسند کیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں