اخلاق اور محبت سے ملنے پر الطاف حسین کی مشکور ہوں، حریم شاہ

03 فروری 2022
حریم شاہ نے الطاف حسین کے اخلاق کی تعریفیں بھی کیں—اسکرین شاٹ
حریم شاہ نے الطاف حسین کے اخلاق کی تعریفیں بھی کیں—اسکرین شاٹ

ماضی میں سیاستدانوں اور حکومتی عہدیداروں کے ہمراہ ویڈیوز بناکر شہرت حاصل کرنے والی متنازع ٹک ٹاکر حریم شاہ نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بانی متحدہ کے اخلاق کی بھی تعریفیں کی ہیں۔

حریم شاہ نے 2 فروری کو انسٹاگرام پر برطانوی دارالحکومت لندن کے علاقے کنگسٹن اپون تھیمز میں موجود عدالت کے باہر بانی متحدہ سے ملاقات کی مختصر ویڈیو شیئر کی۔

مختصر ویڈیو میں الطاف حسین کو سیکیورٹی حصار میں عدالت سے باہر آتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اس دوران انہیں ان کے سیکیورٹی عہدیدار بتاتے ہیں کہ ایک سوشل میڈیا اسٹار ان سے ملنا چاہتی ہیں۔

ویڈیو میں الطاف حسین اور حریم شاہ کے دور سے ایک دوسرے سے بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں بانی متحدہ کی جانب سے ٹک ٹاک اسٹار کو دعائیں دیتے ہوئے سنا اور دیکھا جا سکتا ہے۔

الطاف حسین نے ٹک ٹاکر کے روشن اور بہتر مستقبل سمیت صحت مند زندگی اور خوشی کی دعائیں کیں۔

مختصر ویڈیو میں الطاف حسین نے ٹک ٹاکر کا نام نہیں لیا، تاہم ان کے ساتھ اردو میں اپنے روایتی انداز میں دور سے بات کی اور پھر اپنی گاڑی میں بیٹھ کر چلے گئے۔

حریم شاہ کی جانب سے مذکورہ ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد وہ وائرل ہوگئی اور لوگوں نے بانی متحدہ سے ان کی ملاقات پر طرح طرح کے کمنٹس کیے۔

یہ بھی پڑھیں: حریم شاہ کا بھاری رقم باہر لے جانے کا دعویٰ، منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع

بعد ازاں حریم شاہ نے لندن میں موجود پاکستانی صحافی مرتضیٰ شاہ سے بات کرتے ہوئے بانی متحدہ کے اخلاق کی تعریف کی اور کہا کہ وہ الطاف حسین کی جانب سے محبت اور عزت دینے پر ان کی مشکور ہیں۔

حریم شاہ نے بتایا کہ وہ معمول کے مطابق لندن کے مذکورہ علاقے گئی تھیں، جہاں مقامی عدالت میں الطاف حسین کی پیشی تھی اور انہوں نے عدالت میں جاکر سماعت بھی سنی جب کہ بعد ازاں انہوں نے بانی متحدہ سے عدالت کے باہر روڈ پر ملاقات کی، جس پر انہیں خوشی ہوئی۔

ٹک ٹاک اسٹار نے بانی متحدہ کا شکریہ بھی ادا کیا—اسکرین شاٹ
ٹک ٹاک اسٹار نے بانی متحدہ کا شکریہ بھی ادا کیا—اسکرین شاٹ

ان دنوں حریم شاہ برطانیہ میں موجود ہیں اور گزشتہ ماہ جنوری کے آغاز میں لندن پہنچنے کے بعد انہوں نے غیر ملکی کرنسی کے ساتھ ایک ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تھی، جس وجہ سے انہیں تفتیش کا بھی سامنا ہے۔

مذکورہ ویڈیو میں حریم شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ پاکستان سے ہزاروں پاؤںڈز کے ساتھ آسانی سے برطانیہ پہنچ گئیں اور انہیں کسی نے بھی ایئرپورٹس پر نہیں روکا۔

مزید پڑھیں: تحقیقات شروع ہونے پر حریم شاہ کا پیسوں کی منتقلی پر یو-ٹرن

حریم شاہ کی ویڈیو کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ان کے خلاف منی لانڈرنگ کی تفتیش شروع کی تو ٹک ٹاکر نے مذکورہ ویڈیو کو مزاحیہ ویڈیو قرار دیا تھا، جس پر ایف آئی اے نے ان کے خلاف ریاست کو بدنام کرنے کے الزام میں سائبر کرائم ایکٹ کے تحت بھی تفتیش کا اعلان کیا تھا۔

بعد ازاں حریم شاہ نے ایف آئی اے یا دیگر ریاستوں اداروں کی کارروائیوں سے بچنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا اور عدالت نے ریاستی اداروں کو ان کے خلاف کارروائی سے روک دیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں