پی ایس ایل: ملتان سلطانز کی اڑان جاری، پشاور زلمی کو 57 رنز سے شکست

اپ ڈیٹ 06 فروری 2022
ملتان سلطانز نے مسلسل پانچویں فتح حاصل کرلی—فوٹو: اے ایف پی
ملتان سلطانز نے مسلسل پانچویں فتح حاصل کرلی—فوٹو: اے ایف پی
محمد رضوان کی شان دار کارکردگی سے ملتان کو 57 رنز سے فتح ملی—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
محمد رضوان کی شان دار کارکردگی سے ملتان کو 57 رنز سے فتح ملی—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
شان مسعود اور رضوان نے 85 رنز کا آغاز فراہم کیا—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
شان مسعود اور رضوان نے 85 رنز کا آغاز فراہم کیا—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2022 کے 13 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے شان دار بیٹنگ کے بعد زبردست باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پشاور زلمی کو 57 رنز سے شکست دے کر مسلسل پانچویں فتح اپنے نام کرلی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے پی ایس ایل کے 13 ویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ملتان سلطان کے اوپنرز شان مسعود اور کپتان محمد رضوان نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو شان دار آغاز فراہم کیا۔

شان مسعود نے 25 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 35 رنز کی اننگز کھیلی اور جب ٹیم کا اسکور 85 رنز پر پہنچا تھا تو شعیب ملک کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

کپتان محمد رضوان نے بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

صہیب مقصود نے 127 کے اسکور تک کپتان کا ساتھ دیا اور ایک چوکا اور چھکوں کی مدد سے 27 رنز کھیل کر عثمان قادر کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

محمد رضوان آؤٹ ہونے والے تیسرے اور آخری بلے باز تھے، جنہوں نے 53 گیندوں کا سامنا کرکے 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 82 رنز کی اننگز کھیلی۔

ٹم ڈیوڈ نے جارحانہ بیٹنگ کی اور زلمی کے باؤلرز کو 6 چھکے مارے، انہوں نے 19 گیندوں پر آؤٹ ہوئے بغیر 51 رنز بنائے۔

خوشدل شاہ نے 7 گیندوں کا سامنا کیا، جس میں انہوں نے 3 چھکوں کی مدد سے 21 رنز کی اننگز کھیلی۔

ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں3 وکٹوں پر 222 رنز بنا لیے ہیں۔

پشاور زلمی کے تجربہ کار اوپنر کامران اکمل 10 رنز بناسکے اور ٹیم کو 24 رنز کا آغاز فراہم کرنے میں مدد دی۔

حیدر علی آؤٹ ہونے والے دوسرے بلے باز جنہوں نے 12 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 24 رنز بنائے اور 55 کے اسکور پر شاہنواز دھانی کی وکٹ بن گئے۔

پشاور کو پچھلے میچ میں کامیابی دلانے والے شعیب ملک 14 گیندوں پر 11 رنز بنا سکے اور 84 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

شرفین رودرفورڈ 93 رنز پر آؤٹ ہوئے اور انہوں نے 4 گیندوں کا سامنا کرکے 2 رنز بنائے۔

عمران طاہر نے زلمی کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے اوپنر حضرت اللہ زازئی کو 93 کے مجموعے پر صہیب مقصود کے ہاتھوں کیچ کروادیا اور زلمی کو شدید مشکلات سے دور چار کردیا۔

وہاب ریاض چھٹے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئےلیکن صرف 2 رنز بنا سکے تاہم انہیں عباس آفریدی نے بولڈ کردیا۔

عثمان قادر 12 رنز بنا کر شاہنواز دھانی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے محمد رضوان کو کیچ دےگئے۔

محمد عمر آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے، جو صرف 3 رنز بنا سکے۔

بین کٹنگ نے آؤٹ ہوئے بغیر 52 رنز بنائے۔

پشاور زلمی مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 165 رنز بنا سکے اور میچ میں 57 رنز سے شکست ہوئی جو ان کی رواں سیزن میں تیسری شکست ہے۔

محمد رضوان کو شان دار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

محمد رضوان کی شان دار کارکردگی سے ملتان کو 57 رنز سے فتح ملی—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر
محمد رضوان کی شان دار کارکردگی سے ملتان کو 57 رنز سے فتح ملی—فوٹو: پی ایس ایل ٹوئٹر

خیال رہے کہ ملتان سلطانز اب تک کھیلے گئے چاروں میچوں میں کامیابی کے ساتھ 8 پوائنٹس حاصل کرکے ٹیبل پر سرفہرست ہے۔

پشاور زلمی کو 4 میچوں میں سے دو میں کامیابی اور دو میں ناکامی ہوئی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں:

ملتان سلطانز: محمد رضوان (کپتان)، شان مسعود، صہیب مقصود، جانسن چارلس، خوشدل شاہ، ٹم ڈیوڈ، انور علی، عباس آفریدی، عمران طاہر، بلیسنگ مزاربانی، شاہنواز دھانی

پشاور زلمی: وہاب ریاض (کپتان)، حضرت اللہ زازئی، کامران اکمل، حیدر علی، شعیب ملک، شرفین ردرفورڈ، بین کٹنگ، ثاقب محمود، محمد عمر، عثمان قادر، سلمان ارشاد

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں