سلطانز کو پی ایس ایل 7 میں پہلی شکست، قلندرز 52رنز سے کامیاب

11 فروری 2022
لاہور قلندرز کے راشد خان نے یکے بعد دیگرے دو گیندوں پر رائلی روسو اور محمد رضوان کی وکٹیں حاصل کیں— فوٹو بشکریہ پی سی بی
لاہور قلندرز کے راشد خان نے یکے بعد دیگرے دو گیندوں پر رائلی روسو اور محمد رضوان کی وکٹیں حاصل کیں— فوٹو بشکریہ پی سی بی
فخر زمان نے نصف سنچری اسکور کی— فوٹو بشکریہ پی سی بی
فخر زمان نے نصف سنچری اسکور کی— فوٹو بشکریہ پی سی بی
پاکستان سپر لیگ 2022 کے دوسرے مرحلے کے میچ میں سلطانز نے ٹاس جیت کر قلندرز کو بیٹنگ کی دی ہے— فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
پاکستان سپر لیگ 2022 کے دوسرے مرحلے کے میچ میں سلطانز نے ٹاس جیت کر قلندرز کو بیٹنگ کی دی ہے— فوٹو بشکریہ پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے میچ میں لاہور قلندرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو 52رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی شکست سے دوچار کردیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ 2022 کے دوسرے مرحلے کے میچ میں سلطانز نے ٹاس جیت کر قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

قلندرز نے اننگز کا کا آغاز کیا تو انور علی کو چوکا مارنے کے بعد عبداللہ شفیق ایل بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد ان فارم فخر زمان کا ساتھ دینے کامران غلام آئے اور دونوں دوسری وکٹ کے لیے 86رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کے بڑے مجموعے کی بنیاد رکھی۔

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب کامران 42 رنز بنانے کے بعد عباس آفریدی کی وکٹ بن گئے۔

دوسرے اینڈ سے فخر نے بہترین فارم برقرار رکھتے ہوئے ایک اور نصف سنچری اسکور کی اور 37 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 60رنز بنائے۔

تین وکٹیں گرنے کے بعد محمد حفیظ اور فل سالٹ کی جوڑی وکٹ پر اکٹھا ہوئی اور دونوں نے اختتامی اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

دونوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 27 گیندوں پر 60 رنز کی شراکت قائم کی، حفیظ نے 29 گیندوں پر تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 43رنز بنائے۔

قلندرز نے مقررہ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 182رنز بنائے، فل سالٹ نے 13 گیندوں پر 26رنز بنائے۔

سلطانز کی جانب سے انور علی، شاہنواز دھانی، عباس آفریدی اور عمران طاہر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں سلطانز کے اوپنرز جدوجہد کرتے نظر آئے اور ان فارم شان مسعود صرف 8رنز بنا کر چلتے بنے۔

محمد رضوان آج کے میچ میں بھی مشکلات سے دوچار نظر آئے اور 27 گیندوں پر 20 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے جبکہ اگلی ہی گیند پر راشد خان نے رائلی روسو کی اہم وکٹ حاصل کر کے سلطانز کو بڑا نقصان پہنچایا۔

صہیب مقصود اور ٹم ڈیوڈ نے اسکور 78 تک پہنچایا ہی تھا کہ پاکستانی بلے باز 29رنز بنا کر حارث رؤف کو وکٹ دے بیٹھے جبکہ ٹم ڈیوڈ کی 24 رنز کی اننگز زمان خان کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی۔

خوشدل شاہ نے 22رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی لیکن ان کی یہ کاوش رائیگاں گئی اور ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 130رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

قلندرز کی جانب سے زمان خان تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور راشد خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی قلندرز نے ایونٹ میں چوتھی کامیابی حاصل کر لی جبکہ سلطانز کو پی ایس ایل 7 میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

میچ کے لیے ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

ملتان سلطانز: محمد رضوان (کپتان)، شان مسعود، صہیب مقصود، رائلی روسو، خوشدل شاہ، ٹم ڈیوڈ، انور علی، عباس آفریدی، عمران طاہر، بلیسنگ مزاربانی، شاہنواز دھانی

لاہور قلندرز: شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، فخر زمان، عبداللہ شفیق، کامران غلام، محمد حفیظ، فل سالٹ، ہیری بروکس، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، حارث رؤف، زمان خان

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں