یہودی اداکارہ کی فلم سعودیہ میں ریلیز، کویت و لبنان میں پابندی

14 فروری 2022
فلم نے پہلے دن ریکارڈ کمائی کی—اسکرین شاٹ/ اے پی
فلم نے پہلے دن ریکارڈ کمائی کی—اسکرین شاٹ/ اے پی

متعدد عرب ممالک نے جہاں اسرائیلی فوج میں خدمات سر انجام دینے والی امریکی نژاد یہودی اداکارہ گال گدوت کی فلم ’ڈیتھ آن دی نیل‘ پر پابندی لگادی، وہیں سعودی عرب میں اسے نمائش کے لیے پیش کردیا گیا۔

عرب نیوز کے مطابق لبنان اور کویت سمیت دیگر عرب ممالک نے گال گدوت کی فلم پر پابندی عائد کردی جب کہ سعودی عرب کے متعدد سینماؤں اور خاص طور پر نئے کھولے گئے سینماؤں میں اسے پیش کردیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان عرب ممالک میں گال گدوت کی فلم ’ڈیتھ آن دی نیل‘ پر پابندی عائد کی گئی ہے، جن کے تعلقات ایران سے ہیں اور وہ اسرائیل کی مخالفت کرتے رہتے ہیں۔

تاہم دیگر عرب ممالک کے بر عکس سعودی عرب میں فلم کو پیش کردیا گیا اور لوگ یہودی اداکارہ کی فلم کو دیکھنے کے لیے دھڑا دھڑ سینماؤں کا رخ کر رہے ہیں۔

’ڈیتھ آن دی نیل‘ کو جہاں سعودی عرب میں پیش کردیا گیا، وہیں اسے پاکستان میں بھی پیش کردیا گیا جب کہ دنیا کے دیگر ممالک میں بھی اس کی نمائش کی جا رہی ہے۔

فلم نے پہلے ہی دن کمائی کا نیا ریکارڈ بنایا اور اس نے وبا کے دوران پہلے دن کی کمائی میں کئی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا۔

’ڈیتھ آن دی نیل‘ کی کہانی سسپنس اور تھرلر کے گرد گھومتی ہے، تاہم عرب ممالک نے یہودی اداکارہ کی جانب سے ماضی مین اسرائیلی جارحیت کی حمایت کرنے اور اسلامی تنظیم ’حماس‘ کو دہشت گرد قرار دینے پر اس کی فلم پر پابندی لگائی۔

گال گدوت نے 2014 میں اسرائیلی جارحیت اور فوج کی حمایت جب کہ حماس کی مخالفت کرتے ہوئے اسے دہشت گرد قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: حماس پر تنقید: کویت میں یہودی اداکارہ گال گدوت کی فلم پر پابندی

اس سے قبل بھی کویت اور لبنان سمیت متعدد عرب ممالک میں گال گدوت کی فلم ونڈر وویمن سمیت دیگر فلموں پر بھی پابندی لگائی جا چکی ہے۔

گال گدوت کو کویت سمیت دیگر عرب اور مسلمان ممالک میں یہودیت کی پرچار کرنے اور اسرائیلی فوج اور جارحیت کی حمایت کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

گال گدوت 2004 میں ’مس اسرائیل‘ منتخب ہوئی تھیں، جس کے بعد انہوں نے ابتدائی طور پر ماڈلنگ اور پھر اداکاری کا آغاز کیا۔

اسرائیلی قوانین کے تحت انہوں نے بھی دیگر یہودی خواتین کی طرح اسرائیلی فوج میں بھی کچھ وقت تک خدمات سر انجام دے رکھی ہیں اور انہیں سخت گیر یہودی سمجھا جاتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں