شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ایک دہشت گرد ہلاک

اپ ڈیٹ 26 فروری 2022
آپریشن علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کیا گیا تھا— فائل فوٹو: اے پی پی
آپریشن علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کیا گیا تھا— فائل فوٹو: اے پی پی

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیر ستان کے علاقے اسپن وام میں خفیہ اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد کو ہلاک ہوگیا۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آپریشن علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کیا گیا تھا، جبکہ دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان: دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی شہید

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سیکیورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان اور ڈیرہ اسمٰعیل خان میں علیحدہ علیحدہ آپریشن کے دوران 8 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات کی بنا پر سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان کے علاقے کے ’عمومی حصے‘ میں آپریشن کیا گیا تھا۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔

دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر آلات برآمد ہوئے تھے، برآمد اسلحے میں سب مشین گنز، دستی بم، مائنز، ہتھکڑیاں اور متعدد کیلیبر راؤنڈز بڑی تعداد میں شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، پانچ دہشت گرد ہلاک

علاوہ ازیں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ڈیرہ اسمٰعیل خان کی تحصیل کولاچی میں علیحدہ آپریشن کیا گیا تھا، جس میں 2 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

اس سے قبل شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات پر کیے گئے آپریشن کے دوران ’شدید فائرنگ کے تبادلے‘ کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوا تھا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں