فیفا نے ورلڈ کپ میں روس کی شرکت پر پابندی عائد کردی

اپ ڈیٹ 01 مارچ 2022
فیفا ورلڈ کپ رواں سال روس میں شیڈول ہے— فوٹو: اے ایف پی
فیفا ورلڈ کپ رواں سال روس میں شیڈول ہے— فوٹو: اے ایف پی

فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا نے یوکرین پر حملے کے بعد روس کے ورلڈ کپ 2022 سمیت تمام بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت پر پابندی عائد کردی۔

خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق فیفا اور یوئیفا نے پیر کو جاری مشترکہ بیان میں کہا کہ ہم نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ روس کی قومی ٹیم کی نمائندہ یا کلب کی تمام ٹیموں کے فیفا اور یوئیفا مقابلوں میں تاحکم ثانی شرکت پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں: یوکرین پر حملہ، یوئیفا نے روس سے چیمپیئنز لیگ فائنل کی میزبانی واپس لے لی

رواں سال قطر میں شیڈول ورلڈکپ کے سلسلے میں روس کی ٹیم کےمارچ کے وسط میں کوالیفائنگ میچز شیڈول تھے جبکہ ویمنز ٹیم یورپیئن چیمپیئن شپ کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔

روس کا ورلڈ کپ کوالیفائنگ پلے آف سیمی فائنل 24مارچ کو پولینڈ سے شیڈول تھا جبکہ 29مارچ کو فائنلز میں جمہوریہ چیک اور سوئیڈن مدمقابل آئیں گی۔

تاہم ان میچوں میں ان کے تینوں ممکنہ مدمقابل روس سے کھیلنے سے پہلے ہی انکار کر چکے ہیں۔

فیفا نے اتوار کو اعلان کیا تھا کہ روس کی ٹیم ’فٹبال یونین آف روس‘ کے نام کے تحت ایونٹ میں شرکت کر سکتی ہے جہاں انہیں ہوم میچز نیوٹرل مقام پر کھیلنے ہوں گے اور اس میں روس کے جھنڈے اور قومی ترانے پر پابندی ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: روس نے یوکرین پر حملہ کیا تو چیمپیئنز لیگ فائنل کی میزبانی نہیں کر سکے گا، برطانیہ

البتہ پولش فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر سیزاری کولیسزا نے ان اقدامات کو مکمل طور پر مسترد کردیا تھا اور انہوں نے کہا تھا کہ وہ کسی بھی صورت روس سے نہیں کھیلیں گے۔

دنیا بھر سے شدید احتجاج کے پیش نظر فیفا نے پیر کو اپنے بیان میں تبدیلی کرتے ہوئے روس کو کھیلوں کے شوپیس مقابلوں سے باہر کردیا۔

بیان میں کہا گیا کہ فٹبال برادری مکمل طور پر متحد ہے اور یوکرین میں تمام متاثرہ افراد سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فیفا اور یوئیفا کے صدور امید ظاہر کرتے ہیں کہ یوکرین میں صورت حال جلد بہتر ہو گی اور فٹبال جلد وہاں لوگوں کے درمیان اتحاد اور امن کا ضامن ثابت ہو گی۔

مزید پڑھیں: روس-یوکرین تنازع: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا غیر معمولی اجلاس آج طلب

یہ فیصلہ ایک ایسے موقع پر آیا ہے جب انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے نے کھیلوں کی فیڈریشنز اور منتظمین پر زور دیا ہے کہ وہ روس اور بیلاروس کے ایتھلیٹس کو انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت نہ کرنے دیں۔

تبصرے (0) بند ہیں