وزیر اعظم سے ملاقات میں تحریک عدم اعتماد پر بات نہیں ہوئی، پرویز الہٰی

اپ ڈیٹ 03 مارچ 2022
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے مہنگائی میں کمی کے لیے حکومتی اقدامات کی تعریف کی — فائل فوٹو: ڈان نیوز
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے مہنگائی میں کمی کے لیے حکومتی اقدامات کی تعریف کی — فائل فوٹو: ڈان نیوز

مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم سے ملاقات میں تحریک عدم اعتماد پر بات نہیں ہوئی جبکہ عمران خان بالکل گھبرائے ہوئے نہیں ہیں۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے مہنگائی کی روک تھام کے لیے بہت اچھے اقدامات کیے ہیں۔

مزید پڑھیں: اپوزیشن کی کوشش ناکام بنانے کیلئے وزیراعظم کی چوہدری برادران سے ملاقات

انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں کمی سے بہت فائدہ ہوگا جبکہ بجلی کی قیمتیں بھی نیچے آئی ہیں۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا تحریک عدم اعتماد میں سے کچھ نکلے گا؟ تو پرویز الہٰی نے جواب دیا کہ اتنی بڑی ہانڈی چڑھی ہے تو کچھ تو نکلے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہانڈی میں سامان چلا گیا، دھواں اٹھنے کے بعد پہلا ابال آتا ہے، پہلا ابال آجائے پھر آپ کو بتائیں گے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا آپ بھی وزیراعظم کو گھبرانا نہیں ہے کا پیغام دیں گے، تو انہوں نے جواب دیا کہ عمران خان بالکل بھی گھبرائے ہوئے نہیں ہیں۔

مسلم لیگ (ق) کے رہنما نے مزید کہا کہ اگلے 48 گھنٹوں میں تحریک عدم اعتماد لانے کے حوالے سے متعلق مولانا فضل الرحمٰن ہی بہتر بتا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم کا حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کے دوران تحریک عدم اعتماد پر کوئی بات نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے لیے متحرک ہیں اور اس سلسلے میں جہاں بلاول بھٹو زرداری مارچ کے ذریعے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، وہیں اپوزیشن کے اہم رہنماؤں کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ روز پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ تحریک کی کامیابی کے لیے ہمارے پاس نمبرز پورے ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے چوہدری شجاعت کی رہائش گاہ جا کر ان کی عیادت کی تھی اور اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں: نمبرز پورے ہیں، 24 سے 48 گھنٹوں میں تحریک عدم اعتماد لائیں گے، مولانا فضل الرحمٰن

ملاقات کے دوران ملک کی سیاسی صورت حال اور اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کی کوششوں پر ان کی حمایت پر گفتگو کی گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں