پاکستان میں بولڈ سین نہیں کر سکتے، یہاں پابندیاں ہیں، صبا قمر

پاکستان میں بولڈ سین نہیں کرسکتے، اداکارہ—فوٹو:انسٹاگرام
پاکستان میں بولڈ سین نہیں کرسکتے، اداکارہ—فوٹو:انسٹاگرام

ڈراموں کی مقبول اداکارہ صبا قمر نے کہا ہے کہ اگرچہ پاکستانی انٹرٹینمنٹ مواد ماضی کے مقابلے میں بہتر ہوا ہے، تاہم پاکستان میں پابندیاں عائد ہیں اور یہاں بولڈ سین نہیں کیے جا سکتے۔

بھارتی اخبار ’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق بھارتی خبر رساں ادارے ’پریس ٹرسٹ آف انڈیا‘ (پی ٹی آئی) کو دیے گئے انٹرویو میں صبا قمر نے بھارتی فلموں اور ڈراموں کی بھی تعریفیں کیں۔

صبا قمر نے بھارتی خبر رساں ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں دوبارہ بھارت میں جاکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ’خدا نے چاہا تو وہ دوبارہ بولی وڈ میں کام کرنے جائیں گی‘

اداکارہ نے مرحوم اداکار عرفان خان کے ہمراہ 2017 کی مقبول فلم ’ہندی میڈیم‘ میں کام کرنے کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب مذکورہ فلم کی تعریف ودیا بالن نے کی تو انہوں نے خود کو چاند پر اڑتا محسوس کیا۔

صبا قمر کے مطابق ’ہندی میڈیم‘ میں کام کی بدولت انہیں فلم فیئر ایوارڈ کے لیے کنگنا رناوٹ، ودیا بالن، آنجھانی سری دیوی اور عالیہ بھٹ کے ساتھ نامزد کیا گیا اور وہ وہ ان تمام اداکاراؤں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہیں۔

انہوں نے پاکستانی اور بھارتی مواد کے موازنے پر بات کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ انڈین مواد قدرے بہتر ہے اور وہاں پر اب کرداروں کو حقیقی روپ دیا جانے لگا ہے جب کہ پاکستان میں ابھی اس طرح کا مواد تیار نہیں ہو رہا۔

صبا قمر کے مطابق بولی وڈ اور بھارتی ٹی وی ساس اور بہو کے کردار سے نکل چکی ہے اور اب وہاں اچھا مواد تیار ہو رہا ہے، تاہم پاکستان میں پابندیاں عائد ہیں، وہاں بولڈ سین نہیں کیے جا سکتے مگر پاکستان میں بولڈ موضوعات پر بات کی جانے لگی ہے، جس سے لوگ بہت کچھ سیکھ رہے ہیں۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے اپنی ویب سیریز ’مسز شمیم‘ پر بھی بات کی اور بتایا کہ اس کی کہانی ’مردانگی‘ کے گرد گھومتی ہے، تاہم ویب سیریز بولڈ نہیں بلکہ بہت حساس ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ ٹرانس جینڈر اور ہم جنس پرست کرداروں کے ساتھ بھی کام کریں، تاہم ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ ’مسز شمیم‘ ہم جنس پرستی کی کہانی نہیں۔

ان کے مطابق وہ ’مسز شمیم‘ میں عُمینا نامی اوٹ پٹانگ حرکتیں کرنے والی خاتون کا کردار ادا کر رہی ہیں جب کہ نعمان اعجاز ’شمیم‘ نامی نفیس اور محبت کرنے والے شخص کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے، جنہیں ان کے حصے کی محبت نہیں ملتی۔

صبا قمر نے ’مسز شمیم‘ ویب سیریز کے کردار کو اب تک کا منفرد کردار قرار دیا اور کہا کہ انہیں مذکورہ کردار کی پیش کش ہوتے ہی اس سے پیار ہوگیا اور وہ اس میں کھوگئیں۔

’مسز شمیم‘ کو 11 مارچ سے بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ ’زی فائیو‘ پر ریلیز کیا جائے گا، مذکورہ ویب سیریز کی ہدایات کاشف نثار نے دی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں