'مسز اینڈ مسٹر شمیم' کا ٹریلر سامنے آگیا

ویب سیریز کو 11 مارچ کو ریلیز کیا جائے گا—پرومو فوٹو
ویب سیریز کو 11 مارچ کو ریلیز کیا جائے گا—پرومو فوٹو

اداکار نعمان اعجاز اورمقبول اداکارہ صبا قمر کی ویب سیریز ’مسز اینڈ مسٹر شمیم‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔

یہ 2 دوستوں کی محبت کی کہانی ہے جو شادی کے بندھن میں بندھ جاتے ہیں۔

بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی 5 ہر اس ویب سیریز کو 20 اقساط میں نشر کیا جائے گا۔

ٹریلر میں ایک منفرد کہانی کا عندیہ ملتا ہے کہ جو پاکستانی ڈراموں میں نظر نہیں آتی۔

جیسے ایک مضبوط خاتون (صبا قمر) اور نرم مزاج مرد (نعمان اعجاز) کیسے پہلے دوست اور پھر شریک حیات بن جاتے ہیں۔

ویب سیریز کی کہانی سجی گل نے لکھی ہے جبکہ ہدایات کاشف نثار نے دی ہیں۔

کاشف نثار کو مقبول ڈراموں دم پخت آتش عشق اور او رنگریزا کے لیے بھی جانا جاتا ہے۔

صبا قمر نے سیریز میں اپنے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بے خوف، مضبوط اور اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے خوفزدہ نہ ہونے والی لڑکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کردار کو ادا کرنا بہت پرجوش اور چیلنجنگ تھا کیونکہ یہ ان کرداروں سے بالکل مختلف ہے جو میں نے پہلے کیے۔

نعمان اعجاز نے کہا کہ شمیم کسی عام ہیرو جیسا نہیں جو ڈراموں یا فلموں میں نظر آتا ہے، وہ نرم دل، خیال رکھنے والا مرد ہے، جو عکاسی کرتا ہے کہ ایک مثالی مرد کیسا ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سیریز کے دوران آپ دیکھیں گے کہ وہ کس طرح احترام، محبت اور خاندان اور دوستوں کے لیے فکرمند ہوتا ہے مگر اس کا مذاق اڑایا جاتا ہے۔

مذکورہ ویب سیریز کا پہلا نام من جوگی رکھا گیا تھا مگر نام کو بدل دیا گیا ہے۔

کاشف نثار کے مطابق ہم نے نام پر کافی غور کیا اور پھر اسے مسز اینڈ مسٹر شمیم کا نام دینے کا فیصلہ کیا، جو کہانی کی درست عکاسی کرتا ہے اور طاہر کرتا ہے کہ معاشرہ کس طرح بدل رہا ہے، جہاں خواتین کسی رشتے میں مساوی بنیادوں پر اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

یہ ویب سیریز 11 مارچ کو زی فائیو میں پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں