ایکشن، رومانس اور کامیڈی کا تڑکا، ’گھبرانا نہیں ہے‘

فلم کو عیدالفطر پر ریلیز کیا جائے گا—اسکرینش اٹ
فلم کو عیدالفطر پر ریلیز کیا جائے گا—اسکرینش اٹ

طویل انتظار کے بعد وزیر اعظم عمران خان کے مشہور جملے ’گھبرانا نہیں ہے‘ پر بنائی جانے والی رومانٹک کامیڈی ایکشن فلم کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔

’گھبرانا نہیں ہے‘ کا مختصر ٹیزر دسمبر 2021 میں جاری کیا گیا تھا، جب کہ اس کی شوٹنگ 2020 میں ہی شروع کردی گئی تھی۔

فلم کے جاری کیے گئے ٹریلر میں تمام مرکزی کرداروں کو دکھایا گیا ہے اور مختصر دورانیے کے ٹریلر سے فلم کی کہانی سمجھنا مشکل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'کملی' کی ریلیز سے قبل صبا قمر نے’گھبرانا نہیں ہے‘ سائن کرلی

ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ صبا قمر کا کردار سب سے نمایاں اور منفرد ہوگا جو ایک طرف سید جبران کی محبت کے طور پر دکھائی دیتی ہیں تو دوسری طرف وہ زاہد احمد سے بھی رومانس کرتی دکھائی دیتی ہیں۔

ٹریلر میں صبا قمر کو فلم کے مرکزی ولن یعنی نیر اعجاز کی ہونے والی بیوی کے طور پر بھی دکھایا گیا ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ فلم میں صبا قمر کا کردار سب سے مختلف ہوگا۔

نیر اعجاز فلم میں مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے—فوٹو: ڈان آئیکون
نیر اعجاز فلم میں مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے—فوٹو: ڈان آئیکون

ٹریلر کو دیکھ کر لگتا ہے کہ صبا قمر کو ٹرائی اینگل محبت میں دکھایا جائے گا یعنی وہ ممکنہ طور پر سید جبران اور زاہد احمد کے ساتھ رومانس کرتی دکھائی دیں گی۔

ٹریلر میں ایکشن، کامیڈی اور رومانس سمیت جنگ، برے اور بھلے لوگوں کے درمیان لڑائی اور مجبوریوں کو بھی دکھایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: سید جبران اداکارہ صبا قمر کے ساتھ ’گھبرانا نہیں ہے کے ذریعے فلم ڈیبیو کرنے کو تیار

فلم میں سینیئر اداکار سہیل احمد نے صبا قمر کے والد کا کردار ادا کیا ہے جو کہ سرکاری افسر ہوتے ہیں مگر ریٹائرمنٹ کے بعد ان کے دو ہی خواب ہوتے ہیں کہ ایک تو ان کا اپنا گھر ہو اور دوسرا ان کی اکلوتی جوان بیٹی کی شادی ہوجائے۔

ٹریلر سے معلوم ہوتا ہے کہ فلم میں آئٹم سانگ بھی شامل ہوں گے اور اس میں شائقین کو خوب لڑائی بھی دیکھنے کو ملے گی۔

زاہد احمد فلم میں پولیس افسر کے کردار میں دکھائی دیں گے—فوٹو: ڈان آئیکون
زاہد احمد فلم میں پولیس افسر کے کردار میں دکھائی دیں گے—فوٹو: ڈان آئیکون

فلم کی کہانی کے حوالے سے ماضی میں پروڈیوسر جبران بیگ نے ’ڈان آئیکون‘ کو بتایا تھا کہ مذکورہ فلم صرف کامیڈی پر مشتمل نہیں ہے بلکہ یہ ایک اہم سماجی مسئلے پر مبنی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صبا قمر اور زاہد احمد کی فلم کی شوٹنگ کورونا کے باعث مؤخر

انہوں نے بتایا تھا کہ فلم کی کہانی خواتین کی خودمختاری اور خواتین کو طاقتور بنانے کے گرد گھومتی ہے اور فلم میں نہ صرف سماجی بلکہ سیاسی مسائل کو بھی منفرد اور ہلکے پھلکے انداز میں دکھایا گیا ہے۔

فلم کو نیوپلیکس سینما کے مالک، صنعت کار جبران بیگ اور حسن ضیا نے پروڈیوس کیا ہے۔

’جے بی پروڈکشن اور جیو فلمز‘ کے بینر تلے بننے والی فلم میں زاہد احمد، صبا قمر، سید جبران، نیر اعجاز، افضل خان (ریمبو)، سہیل احمد اور ثاقب خان سمیت دیگر اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

فلم کو پہلے ہی عید الفطر پر ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اور ٹریلر میں بھی اسے میٹھی عید پر پیش کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں