وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور دیگر وفاقی وزرا نے کہا ہے کہ عمران خان کو قوم نے وزیراعظم بنایا ہے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آخری وقت تک مقابلہ کرے گی، اقتدار کے لیے سودے بازی نہیں کریں گے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر حماد اظہر اور فواد چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ پچھلے چند دنوں سے واقعات ہورہے تھے دیکھ رہے تھے لیکن آج پھر دیکھا کہ کس طرح عمران خان سچے ثابت ہوئے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے 4 منحرف ارکان سندھ ہاؤس میں کھل کر سامنے آگئے

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کل بتایا تھا کہ کس طرح سندھ ہاؤس میں پہلے نوٹ پہنچے ہیں اور ان نوٹوں کی جھنکار میں لوٹے پہنچے ہیں تو وہ آج نظر آگیا۔

اسد عمرنے کہا کہ اگر کسی کے ذہن میں کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے کہ عمران خان کا نظریہ اور سیاست کیا ہے، عمران خان اپنی ذات کے لیے سیاست نہیں کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی قوم کے لیے سیاست کر رہے ہیں اور اس میں ان کا ذاتی کوئی مفاد شامل نہیں ہے، اسی لیے وہ کبھی کسی کو نہ بلیک میل کرتے ہیں اور نہ وہ کبھی بلیک میل ہونے کو تیار ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نہ کبھی پیسے کی سیاست کی ہے اور وہ بھی حرام کے پیسوں سے اور لوگوں کو خریدنے کے لیے بولیاں لگائی جائیں، پاکستان کی زیادہ تر آبادی پیدا بھی نہیں ہوئی تھی جب چھانگا مانگا ہوا تھا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ سیاست عمران خان نے نہ کبھی کی ہے اور نہ آئندہ کریں گے، عمران خان کو جو بھی کرنا ہے وہ چونکہ ایک عوامی لیڈر ہیں، قوم کے پیداوار ہیں اور ان کو قوم نے وزیراعظم بنایا ہے، کسی اصول اور نظریے پر ووٹ ڈال کر ان کو لے آئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کل بھی اسی اصول اور نظریے پر کھڑے تھے اور آج بھی اسی نظریے پر کھڑے ہیں اور کل بھی اسی اصول اور نظریے پر کھڑے رہیں گے، چاہے کچھ بھی ہوتا رہے اور جتنی بھی ویڈیوز چلتی رہیں، عمران خان اپنے نظریے سے نہیں ہٹے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ ہاؤس ہارس ٹریڈنگ کا مرکز ہے، سخت ایکشن پلان کر رہے ہیں، فواد چوہدری

انہوں نے کہا کہ کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کہ تحریک انصاف پوری طرح مقابلہ جاری رکھے گی اور آخری وقت تک جاری رکھے گی مگر فرق یہ ہے کہ ہم جو بھی کریں گے وہ قانون کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے کریں گے۔، آئین اور قانون کے دائرے کے اندر ہمیں جو بھی حق حاصل ہے، وہ ہم استعمال کریں گے۔

اسد عمر نے کہا کہ وقت کے گزرنے کے ساتھ پتہ چلے گا کہ ہم کیا اقدامات کر رہے ہیں، کوئی غیر قانونی کام نہیں کریں گے جو یہاں ہو رہا ہے، سندھ سے پولیس کو لایا جارہا ہے، ایسا لگ رہا ہے کہ بیرونی ملک سے کوئی حملہ ہونے جارہا ہے اور وہاں سے ہتھیار بند سپاہیوں کو لایا جارہا ہے، یہاں نوٹوں کے پورے بکسے لائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ساری قوم دیکھ رہی ہے کہ یہ لوگ جمہوریت کا صرف نام استعمال کرتے ہیں، جمہوریت کے نام پر کاروبار کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمومی طور پر پوری قوم اور خاص طور پر پی ٹی آئی کے کارکنوں اور حامیوں کو یہ پیغام ہے کہ فکر نہ کریں، جس عمران خان سے آپ نے تعاون کیا، جس عمران خان کو 6 لوگوں کی پارٹی سے اٹھا کر قوم کا سب سے بڑا لیڈر اور وزیراعظم بنایا وہ عمران خان کبھی بھی مایوس نہیں کرے گا۔

مزید پڑھیں: سیاسی جماعتوں میں تصادم کا خطرہ، سپریم کورٹ بار کا عدالت سے رجوع

اسد عمر نے کہا کہ عمران خان اسی طریقے اور اسی دلیری اور اسی ایمان داری سے اپنے نظریے اور اصول پر کھڑا رہے گا، جیسے وہ ہمیشہ رہا ہے اور جس کی وجہ سے وہ لیڈر بنا ہے۔

اقتدار کیلئے وزارتیں نہیں بانٹیں گے، حماد اظہر

وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ قوم نے دیکھا کہ یہ وہ نظام ہے، جس کے خلاف عمران خان کھڑا ہے، یہ کون سا نظام ہے، یہ ہارس ٹریڈنگ، رشوت لینے اور دینے، 20،20 کروڑ اور 40،40 کروڑ روپے کی بولی لگانے نظام ہے اور یہ کرپشن کا نظام ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس نظام کے خلاف عمران خان کھڑا اور کھڑا رہے گا، واضح کردینا چاہتے ہیں کہ اپنے اقتدار کے لیے سودے بازی نہیں کریں گے، ہم چاہیں تو حکومت کے پاس اربوں روپے ہیں اور اربوں روپے دے کر 12 کیا ان کے آدھے سے زیادہ اراکین اسمبلی خرید سکتے ہیں کیونکہ یہ سب اسی کام کے شوقین ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے اقتدار کے لیے وزارتیں نہیں بانٹیں گے، سودے بازی نہیں کریں گے، اپنے ووٹر اور پاکستان کے لیے سیاست کریں گے، اتحادیوں کے ساتھ رابطے میں رہیں گے لیکن کسی قسم کی سودے بازی نہیں ہوگی، صرف ملک کی خاطر ہم ان کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ جتنے لوگ اور اتحادی وہ ملک اور قوم کے لیے بہتر فیصلہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ وہاں گئے اور سندھ ہاؤس میں ایک سلسلہ شروع ہوا یہ ضمیر کی آواز نہیں ہے، یہ روکھڑے کی آواز ہے، اس کے خلاف ہم نے آواز بلند کی ہے اور ہمیشہ کرتے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: میچ فکسنگ کیلئے میرے کھلاڑیوں کو بھاری رقوم کی لالچ دی جا رہی ہے، وزیراعظم

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ٹی وی پر جو چند لوگوں کے چہرے نظر آئے ہیں، ان کے حلقوں میں جا کر ووٹر سے پوچھیں تو سہی کہ جس کو عمران خان کے لیے ووٹ دے کر بھیجا تھا اور آج وہ عمران خان کے خلاف ووٹ دیتا ہے تو کیا آپ کا مینڈیٹ ان کے ساتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 27 مارچ کو ہمارا جلسہ ہونے جارہا ہے، ہم اس کی اور عدم اعتماد کے لیے بھی پوری تیاری کر رہے ہیں، ایک طرف عوام کا بھی فیصلہ آئے گا اور ان کی عدم اعتماد کی تحریک کو بھی ہم ناکام بنائیں گے۔

وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ قوم کے سامنے واضح لکیر آ چکی ہے اس سے زیادہ واضح لکیر پہلے کبھی نہیں آئی، پاکستان کی سیاست کی اسی گندگی کے خلاف ہم جنگ کر رہے تھے اور اب وہ گندگی کھل کر سامنے آ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مرحلے سے بھی حکومت مزید مضبوط ہو کر اور عوام کی حمایت لے کر نکلے گی۔

کارکنوں کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ کارکن 27 مارچ کے جلسے کی تیاریاں جاری رکھیں، یہ کوئی عام جلسہ نہیں ہو گا، پی ٹی آئی نے ملکی تاریخ میں بہت بڑے جلسے کیے ہیں اور یہ جلسہ بھی ملک کی تاریخ بدلنے والا جلسہ ہو گا، ملک میں پہلے کسی نے اتنا بڑا جلسہ نہیں دیکھا ہو گا۔

ایک خاتون رکن قومی اسمبلی کو 7 کروڑ روپے دیے گئے، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ پرسوں کہا تھا کہ کارروائی کریں گے تو وہ لوٹے آج خود ہی باہر آگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی حکومت بچانے کے لیے کسی بھی قسم کی بلیک میلنگ، لوٹاسازی، کسی قسم کی سودے بازی کو مسترد کرتے ہیں، ہم عوام سے جو وعدے کرکے آئے تھے اس میں یہ روایتی سیاست فٹ ہی نہیں بیٹھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے، اسد عمر اور پارٹی کی باقی قیادت کو ان لوگوں کے حلقے سے فون آرہے ہیں، ہمارے کارکنان مشتعل ہیں، میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ قانون ہاتھ میں نہ لیں لیکن احتجاج کرنا آپ کا حق ہے۔

مزید پڑھیں: اراکین اسمبلی 'اپنی حفاظت' کیلئے سندھ ہاؤس میں مقیم ہیں، پیپلز پارٹی

فواد چوہدری نے کہا کہ اتنے افسوس کی بات ہے کہ ایک خاتون رکن قومی اسمبلی کو 7 کروڑ روپے دیے گئے، یہ کہاں سے پیسہ آرہا ہے، اس وقت سندھ میں ایسے حالات ہیں کہ لوگوں کے پاس پینے کا پانی نہیں ہے لیکن جہازوں میں پیسے بھر کے یہاں آئے۔

انہوں نے کہا کہ کتنے دکھ کی بات ہے کہ اس وقت سندھ ہاؤس نیا چھانگا مانگا ہے، آج کا چھانگامانگا سندھ ہاؤس ہے، یہاں پر لوگوں کے ضمیر خریدا اور بیچا جارہا ہے اور یہاں بیوپاری منتخب اراکین کی خریداری کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ‘ان بے شرم لوگوں کو کہنا چاہتا ہوں، مجھے نہیں پتہ کہ یہ دباؤ میں تھے سندھ ہاؤس میں پریشر میں رکھا گیا ہے لیکن جو بندہ کہہ رہا ہے میں ضمیر کی آواز پر ووٹ دے رہا ہوں، اس بے شرم کو کہنا چاہتا ہوں کہ ضمیر یہ کہتا ہے کہ عمران خان کے نام پر ووٹ لیا ہے، استعفیٰ دو ، شکایت ہے تو واپس جاکر الیکشن لڑو اور پھر یہاں آجاؤ’۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ ‘یہ تمہارے باپ کا ووٹ ہے جس کو لے کر یہاں بیٹھو ہو، عمران خان کا ووٹ ہے، جو یہاں آئے ہیں وہ عمران خان کے نام پر جیت کر یہاں آئے ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ منحرف اراکین کے ووٹ پر ہم نے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے، آرٹیکل 63 اے کے تحت جو قانونی کارروائی ہے وہ بھی چلے گی لیکن اس وقت ہمارا اصل ہدف 27 مارچ کو ڈی چوک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد عوام کی طاقت سے ناکام کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں