بولی وڈ فلم ساز نے ’آئٹم سانگ‘ کی پیش کش کی تھی، ثانیہ مرزا

ساجد خان نے آئٹم سانگ میں پرفارمنس کرنے کی پیش کش کی تھی، ثانیہ مرزا—فوٹو: انسٹاگرام
ساجد خان نے آئٹم سانگ میں پرفارمنس کرنے کی پیش کش کی تھی، ثانیہ مرزا—فوٹو: انسٹاگرام

کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں انہیں بولی وڈ فلم ساز ساجد خان نے ’آئٹم سانگ‘ پر پرفارمنس کرنے کی پیش کش کی تھی۔

ثانیہ مرزا اور شعیب ملک حال ہی میں حنا الطاف اور آغا علی ٹاک شو ’دی کپل شو‘ میں شریک ہوئے، جہاں دونوں نے اپنی محبت اور شادی ہونے سمیت دیگر گھریلو معاملات پر بھی کھل کر باتیں کیں۔

دوران پروگرام ثانیہ مرزا نے بتایا کہ دونوں کے درمیان پہلی ملاقات 2004 میں ہوئی تھی اور پہلی ملاقات میں ہی دونوں کے دلوں کی گھنٹیاں بج گئیں اور ایک طرح سے ان میں محبت ہوگئی۔

ٹینس اسٹار نے بتایا کہ انہیں شعیب ملک میں سب سے زیادہ سادگی پسند آئی جب کہ کرکٹر نے بتایا کہ وہ ثانیہ مرزا کی خوبصورتی پر مر مٹے۔

فلم ساز نے کہا وہ انہیں مکمل جسم ڈھانپنے والے کپڑے پہنائیں گے، ٹینس اسٹار—اسکرین شاٹ
فلم ساز نے کہا وہ انہیں مکمل جسم ڈھانپنے والے کپڑے پہنائیں گے، ٹینس اسٹار—اسکرین شاٹ

شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ثانیہ مرزا سے ملاقات کے فوری بعد ہی انہوں نے والدین کو بتا دیا تھا کہ وہ بھارتی لڑکی سے شادی کریں گے جب کہ انہوں نے ٹینس اسٹار کے والد کو بھی بتایا کہ وہ ان کی بیٹی سے نکاح کرنا چاہتے ہیں۔

دونوں نے بتایا کہ پہلی ملاقات کے کچھ عرصے بعد ہی دونوں نے شادی کرلی، کیوں کہ ان کے دلوں میں کوئی اور بات تھی ہی نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ثانیہ مرزا نے بتایا کہ انہیں اردو مکمل سمجھ آتی ہے، تاہم بولنے میں بعض اوقات کچھ مسئلہ ہوتا ہے اور انہوں نے اردو بطور مضمون پڑھ رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی زندگی پر فلم بنائے جانے کا امکان

شعیب ملک کے مطابق ثانیہ مرزا کو اردو سمجھنے میں کوئی مشکل پیش نہیں آتی، البتہ وہ کبھی کبھار اہلیہ کی ہندی سے پریشان ہوجاتے ہیں، کیوں کہ حیدرآباد ہندی کچھ مختلف ہوتی ہے۔

دوران انٹرویو شعیب ملک نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ اگر انہیں اداکاری کی آفر ہو تو وہ اپنی دوست اشنا شاہ کے ساتھ ڈیبیو کریں۔

دونوں نے 2010 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٓٹاگرام
دونوں نے 2010 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٓٹاگرام

اسی طرح انہوں نے بتایا کہ ان کی خواہش ہے کہ ان کی اہلیہ ہمایوں سعید کے ساتھ ڈیبیو کریں گے جب کہ وہ چاہتے ہیں کہ ثانیہ مرزا کبھی بھی عدنان صدیقی کے ساتھ کام نہ کریں۔

دوران پروگرام ایک سوال کے جواب میں ثانیہ مرزا نے انکشاف کیا کہ ماضی میں انہیں بولی وڈ فلم ساز ساجد خان ’آئٹم سانگ‘ میں پرفارمنس کرنے کی پیش کش کر چکے ہیں۔

ٹینس اسٹار کے مطابق ساجد خان ان کے بھائیوں کی طرح ہیں اور انہوں نے انہیں مذاق اور محبت میں گانے کی پیش کش کی تھی اور انہیں کہا تھا کہ وہ انہیں ’ٓآئٹم سانگ‘ میں پورے کپڑے پہنائیں گے۔

مزید پڑھیں: ثانیہ مرزا و شعیب ملک ٹاک شو کرنے کو تیار

ثانیہ مرزا نے بتایا کہ ساجد خان نے انہیں کہا کہ وہ کپڑوں سے ٹینس اسٹار کے پورے جسم کو ڈھانپ دیں گے، بس وہ آئٹم سانگ کرنے کے لیے رضامند ہوجائیں۔

خیال رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 12 اپریل 2010 میں شادی کی تھی، جس کے بعد دونوں دبئی منتقل ہوگئے تھے، شادی کے 8 سال بعد 30 اکتوبر 2018 کو ان کے ہاں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

جلد ہی دونوں ’اردو فلکس‘ پر ٹاک شو بھی کرتے دکھائی دیں گے، حال ہی میں دونوں نے اپنے پرفیوم اور میک اپ مصنوعات کو بھی متعارف کرایا تھا۔ علاوہ ازیں خبریں ہیں کہ دونوں کی زندگی پر جلد بولی وڈ میں فلم بھی بنائی جائے گی، جس میں ممکنہ طور پر دونوں مختصر کرداروں میں بھی دکھائی دیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں