اخبار نے میگھن مارکل پر ’تہمت‘ لگانے کیلئے بھاری رقم کی پیش کش کی، سائمن ریکس

حقیقت میں میگھن مارکل کو کبھی بوسہ تک نہیں دیا، سائمن ریکس—فائل فوٹو: انسٹاگرام
حقیقت میں میگھن مارکل کو کبھی بوسہ تک نہیں دیا، سائمن ریکس—فائل فوٹو: انسٹاگرام

امریکی اداکار، گلوکار و ریپر 47 سالہ سائمن ریکس نے انکشاف کیا ہے کہ برطانی اخبار نے انہیں شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل پر ’تہمت‘ لگانے کے لیے بھاری رقم کی پیش کش کی تھی جو انہوں نے مسترد کردی تھی۔

شوبز ویب سائٹ ’ای ڈبلیو نیوز‘ کے مطابق سائمن ریکس نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں مذکورہ واقعہ کا ذکر کیا اور کہا کہ انہیں طرح طرح کے دیگر لالچ بھی دیے گئے۔

سائمن ریکس نے حال ہی میں ’ہولی وڈ را پوڈکاسٹ‘ میں اپنے کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر بات کی تھی اور انہوں نے مذکورہ انکشاف بھی اسی شو میں کیا تھا۔

سائمن ریکس نے بتایا کہ ایک برطانوی اخبار نے ان سے رابطہ کیا اور انہیں کہا کہ اگر وہ میگھن مارکل پر ’تمت‘ لگائیں تو وہ انہیں 70 ہزار امریکی ڈالر کی خطیر رقم ادا ادا کریں گے۔

سابق ماڈل و اداکار کا کہنا تھا کہ اخبار نے انہیں کہا کہ وہ صرف یہ دعویٰ کریں کہ وہ میگھن مارکل کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کر چکے ہیں۔

میگھن کی شادی کے بعد تہمت کی پیش کش کی گئی، اداکار—فائل فوٹو: وائر امیجز
میگھن کی شادی کے بعد تہمت کی پیش کش کی گئی، اداکار—فائل فوٹو: وائر امیجز

اداکار نے سوال پر اخبار کا نام لینے سے معذرت کی، تاہم بتایا کہ انہیں صرف ایک جھوٹی بولنے کے عوض 70 ہزار امریکی ڈالر یعنی پاکستانی سوا کروڑ روپے کی رقم دینے کی پیش کش کی۔

اداکار نے کہا کہ وہ انتہائی غلیظ مطالبہ کر رہے تھے، جو کبھی ہوا ہی نہیں تھا۔

یہ بھی پڑھیں: میگھن مارکل کی جانب سے برطانوی اخبار کے خلاف دائر مقدمے کا آغاز

ساتھ ہی اداکار نے واضح کیا کہ 2005 میں انہوں نے میگھن مارکل کے ساتھ ’کٹ‘ نامی ڈرامے میں کام کیا تھا مگر ان کے درمیان کسی طرح کے تعلقات نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں نے کبھی ایک دوسرے کو بوسہ تک نہیں دیا تھا، البتہ ایک یا دو بار وہ روایتی انداز میں دوست ہونے کے ناطے گلے مل چکے تھے۔

میگھن مارکل ماضی میں اداکاری کرتی رہی ہیںفوٹو: اے پی
میگھن مارکل ماضی میں اداکاری کرتی رہی ہیںفوٹو: اے پی

سائمن ریکس نے بتایا کہ برطانوی اخبار نے ان سے میگھن مارکل پر ایسے وقت میں ’بہتان‘ لگانے کا مطالبہ کیا، جب کہ شہزادی کی ازدواجی زندگی سے متعلق برطانوی میڈیا میں طرح طرح کی خبریں شائع ہو رہی تھیں اور انہیں نسلی تعصب کا بھی سامنا تھا۔

برطانوی میڈیا کی جانب سے جانبدارانہ رپورٹنگ کرنے پر میگھن مارکل نے اخبارات کے خلاف مقدمات بھی دائر کیے تھے، جن کے فیصلے ان کے حق میں آئے۔

علاوہ ازیں ان کے شوہر شہزادہ ہیری نے بھی برطانوی اخبارات نے مقدمات دائر کر رکھے ہیں اور انہوں نے اہلیہ سے متعلق خبروں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جس طرح برطانوی میڈیا نے ان کی والدہ کو ان سے چھینا، اسی طرح اہلیہ کو بھی چھیننا چاہتے ہیں۔

مزید پڑھیں: شہزادہ ہیری و میگھن مارکل بیٹی کے نام سے متعلق غلط خبر پر برہم

میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری نے برطانوی میڈیا کو انٹرویو نہ دینے کا اعلان بھی کر رکھا ہے جب کہ انہوں نے 2020 سے شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کر رکھی ہے اور اب وہ امریکا میں مقیم ہیں۔

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل اب جہاں نیٹ فلیکس کے لیے فلمیں بناتے دکھائی دیں گے، وہیں وہ اسپاٹی فائے پر پوڈ کاسٹ بھی کریں گے۔

دونوں نے مئی 2018 میں شادی کی تھی، ان کے ہاں 6 مئی 2019 کو پہلے بیٹ آرچی کی پیدائش ہوئی تھی جب کہ 7 جون 2021 کو ان کے ہاں بیٹی 'للی' ڈیانا ماؤنٹ بیٹن ونڈسر پیدائش ہوئی تھی۔

دونوں اب امریکا میں رہائش پذیر ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
دونوں اب امریکا میں رہائش پذیر ہیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

تبصرے (1) بند ہیں

Salazar Mar 19, 2022 07:18pm
I have a dream, to have a dream. Simon Rex from Scary Movie