شاہین آفریدی، ڈیوڈ وارنر کا آمنا سامنا، ٹوئٹر پر لوگوں کے دلچسپ تبصرے

اپ ڈیٹ 26 مارچ 2022
پہلی نظر میں دیکھنے پر یہ آمنا سامنا کرکٹرز کے درمیان تصادم کا ایک حقیقی لمحہ لگتا تھا—فوٹو:کرکٹ کوما ٹوئٹر
پہلی نظر میں دیکھنے پر یہ آمنا سامنا کرکٹرز کے درمیان تصادم کا ایک حقیقی لمحہ لگتا تھا—فوٹو:کرکٹ کوما ٹوئٹر

کرکٹ صرف بلا گھمانے اور رنز بنانے کا کھیل نہیں، اس کھیل میں دلچسپی کے اور بھی بہت سے پہلو ہیں، کرکٹ کے کھیل کو وہ لمحات اور واقعات مزید دلچسپ بنادیتے ہیں جو کھیل کے دوران کھلاڑیوں کے درمیان پیش آتے ہیں۔

وہ لمحات و واقعات چاہے میچ کے دوران کھلاڑیوں کے درمیان تھیکے و دلچسپ جملوں کے تبادلے کی صورت میں ہوں یا مختلف اشاروں یا حرکات و سکنات کے اظہار کے ذریعے ہوں، میدان میں پیش آئے ایسے واقعات یا تو شائقین کرکٹ کو جذباتی کردیتے ہیں یا وہ لمحات دیکھنے والوں کو ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہونے پر مجبور کردیتے ہیں۔

ایسا ہی ایک لمحہ حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹس وائرل ہوا اور دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا، پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کے دوران تیز گیند باز شاہین آفریدی آسٹریلوی کھلاڑی ڈیوڈ وارنر کی جانب بھاگے اور دونوں نے ہنسنے سے پہلے آمنے سامنے کھڑے ہوکر غصے کے اظہار کا ڈرامہ کیا، کرکٹرز کے درمیان پیش آنے والے اس واقع کو کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیا اور جلد ہی اس لمحے نے پاکستانی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دلچسپ تبصروں پر مبنی میمز کا طوفان برپا کردیا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستانی فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی اور ڈیوڈ وارنر کے درمیان یہ دلچسپ لمحہ 23 مارچ کو پیش آیا تھا، پہلی نظر میں دیکھنے پر یہ آمنا سامنا کرکٹرز کے درمیان تصادم کا ایک حقیقی لمحہ لگتا تھا لیکن دیکھنے والے جلد ہی سمجھ گئے کہ یہ کرکٹرز کے درمیان پیش آنے والا یہ واقعہ تفریح کا لمحہ ہے۔

اس واقعے نے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمز پر مختلف قسم کے دلچسپ و مزاحیہ تبصروں اور تجزیوں پر مبنی میمز کی حوصلہ افزائی کی۔

دونوں کھلاڑیوں کے جسمانی قد، کاٹھ کے فرق نے اس واقعے کو مزید مزاحیہ بنا دیا۔

یہ واقعہ اتنا وائرل ہوا یہاں تک کہ سابق انگلش کرکٹر اور کوچ ایان پونٹ بھی تصویر کو شیئر کرتے ہوئے تبصرہ کیے بغیر نہ رہ سکے۔

بلاشبہ، یہ ایسا لمحہ تھا جس پر مداحوں کی جانب سے تبصرے ناگریز تھے۔

دو مایہ ناز کرکٹرز کے درمیان پیش آئے اس یادگار، دلچسپ لمحے کے دوران کسی قسم کی کوئی تلخی نہیں تھی۔

گوکہ اس واقع میں شائقین کرکٹ کے دل کو گرمانے والی، کھیل کے دوران مثبت اسپورٹس مین اسپرٹ، ٹیسٹ کرکٹ کے جوشیلے کھیل یا کسی قسم کی مضحکہ خیز حرکت جیسی کوئی چیز نہیں ہے لیکن پھر بھی، مجموعی طور پر، کھیل کے دوران میدان میں شاہین شاہ آفریدی اور ڈیوڈ وارنر کے درمیان دوستی کا مظاہرہ سوشل میڈیا صارفین کو ایسا پسند آیا جیسے کافی وقت تک یاد رکھا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں