آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میچ میں 88 رنز سے شکست دے دی

اپ ڈیٹ 30 مارچ 2022
پاکستان کی طرف سے حارث رؤف اور زاہد محمود نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا — فوٹو: پاکستان کرکٹ
پاکستان کی طرف سے حارث رؤف اور زاہد محمود نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا — فوٹو: پاکستان کرکٹ
پاکستان نے میچ میں محمد وسیم جونیئر اور زاہد محمود کو ڈیبیو کرایا ہے— فوٹو بشکریہ پی سی بی
پاکستان نے میچ میں محمد وسیم جونیئر اور زاہد محمود کو ڈیبیو کرایا ہے— فوٹو بشکریہ پی سی بی

آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میچ میں 88 رنز سے شکست دے دی، آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میچ فتح کے لیے 314 رنز کا ہدف دیا تھا۔

لاہور میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 314 رنز کے تعاقب میں 45.1 اوورز میں 225 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

امام الحق کی 103 رنز کی اننگز بھی قومی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکی۔

کپتان بابر اعظم 57 رنز کے ساتھ نمایاں ہے۔

پاکستان کی جانب سے سعود شکیل 3، محمد رضوان 10 اور افتخار احمد 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، فخر زمان 18 رنز بنا کر ٹریوس ہیڈ کو کیچ دے بیٹھے۔

خوشدل شاہ 19 اور حسن علی 2 رنز بناسکے، محمد وسیم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے لیگ اسپنر ایڈم زمپا نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ٹریوس ہیڈ نے دو وکٹیں حاصل کیں، نیتھن ایلس، مچل سوئمپسن اور شان ایبٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

آل راؤنڈ کارکردگی پر ٹریوس ہیڈ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

اوپنرز ایرون فنچ اور ٹریوس ہیڈ نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور 110 رنز کی شراکت قائم کی، جس کے بعد ایرون فنچ 23 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد بین میک ڈرموٹ نے ٹریوس ہیڈ کا ساتھ کیا اور مجموعی اسکور 171 رنز تک پہنچایا جس میں ٹریوس کی جارحانہ سنچری بھی شامل تھی۔

ٹریوس کی اننگز کا خاتمہ 72 گیندوں پر تین چھکوں اور بارہ چوکوں کی مدد سے 101 رنز کی عمدہ اننگز کے بعد ہوا۔

جب ٹیم کا اسکور 209 رنز پر پہنچا تو 55 رنز بنانے والے میک ڈرموٹ کی اننگز اختتام کو پہنچی اور وہ رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے۔

مزید پڑھیں: آسٹریلیا کی مشکلات میں اضافہ، ایگار بھی کورونا کا شکار ہوکر سیریز سے باہر

ٹریوس ہیڈ اور میک ڈرموٹ کے علاوہ آسٹریلیا کا کوئی بلے باز بڑی اننگز نہ کھیل سکا اور مارنس لبوشین 25، مارکس اسٹوئنس 26، ایلکس کیری 4 اور شان ایبٹ 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ٹیم کے بڑے اسکور میں کیمرون گرین کے 40 رنز نے بھی اہم کردار ادا کیا اور وہ ناقابل شکست رہے۔

آسٹریلیا نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 313 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے حارث رؤف اور زاہد محمود نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ افتخار احمد اور خوشدل شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

انجری اور کووڈ مسائل سے دوچار آسٹریلین ٹیم نے میچ میں نیتھن ایلس اور مچل سویپسن کو ڈیبیو کرایا ہے۔

پاکستان کو میچ میں اسپنر شاداب خان کی خدمات حاصل نہیں ہیں اور ان کی جگہ زاہد محمود کے ساتھ ساتھ محمد وسیم جونیئر کو بھی ڈیبیو کرایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی گئی تھی جس میں آسٹریلیا نے 0-1 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، خوشدل شاہ، حسن علی، محمد وسیم جونیئر، حارث رؤف اور زاہد محمود۔

آسٹریلیا: ایرون فنچ (کپتان)، ٹریوس ہیڈ، بین میک ڈرمٹ، مارنس لبوشین، مارکس اسٹوئنس، کیمرون گرین، ایلکس کیری، شان ایبٹ، نیتھن ایلس، ایڈم زامپا اور مچل سویپسن۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں