ایلون مسک ٹوئٹر بورڈ آف ڈائریکٹر میں شامل

05 اپريل 2022
ایلون مسک نے ٹوئٹر کے ساتھ کام کرنے پر خوشی کا اظہار کیا—فائل فوٹو: رائٹرز
ایلون مسک نے ٹوئٹر کے ساتھ کام کرنے پر خوشی کا اظہار کیا—فائل فوٹو: رائٹرز

لگژری کاریں بنانے والی کمپنی ’ٹیسلا‘ کے مالک اور دنیا کے امیر ترین افراد میں سے ایک ایلون مسک ٹوئٹر کے سب سے زیادہ شیئر خریدنے کے بعد مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹر میں بھی شامل ہوگئے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو افسر ’سی ای او) پراگ اگروال نے اپنی ٹوئٹ میں ایلون مسک کو بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل کرنے کی تصدیق کی۔

انہوں نے مختصر ٹوئٹ میں بتایا کہ کئی ماہ تک ایلون مسک سے مذاکرات کے بعد کمپنی کو یقین ہوگیا کہ وہ ان کے لیے فائدہ مند ہیں، اس لیے انہیں بورڈ آف ڈائریکٹر کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔

ٹوئٹر کے سی ای او کی جانب سے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا حصہ بنائے جانے کی ٹوئٹ پر ایلون مسک نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مائکرو بلاگنگ کے ساتھ کام کرنے کے لیے خوشی کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایلون مسک سے ٹوئٹر کے مقابلے میں سوشل نیٹ ورک تشکیل دینے کا مطالبہ

’رائٹرز‘ کے مطابق ایلون مسک کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کا حصہ ایک ایسے وقت میں بنایا گیا، جب کہ دو دن قبل ہی انہوں نے ٹوئٹر کے سب سے زیادہ یعنی تقریبا 10 فیصد کے قریب شیئر خریدے تھے۔

ایلون مسک ٹوئٹر کے سب سے زیادہ شیئر ہولڈر بنے، جس کے ایک دو دن بعد انہیں بورڈ آف ڈائریکترز کا حصہ بنایا گیا۔

مزید پڑھیں؛ ایلون مسک کا اپنا سوشل میڈیا پلیٹ فارم قائم کرنے پر 'سنجیدگی سے غور'

دلچسپ بات یہ ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران ایلون مسک ٹوئٹر کو تنقید کا نشانہ بناتے آ رہے تھے اور انہوں نے اپنا سوشل میڈیا پلیٹ فارم متعارف کرانے کا عندیہ بھی دیا تھا۔

ایلون مسک کے حوالے سے رواں برس جنوری سے چہ مگوئیاں تھیں کہ وہ ممکنہ طور پر اپنا کوئی سوشل میڈیا پلیٹ فارم متعارف کرائیں گے، تاہم حیران کن طور پر وہ ٹوئٹر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل ہوگئے۔

ایلون مسک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل ہونے کے بعد ٹوئٹر کی حصص کی قیمت میں 20 فیصد تک اضافہ بھی نوٹ کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں