اسمبلی بحالی کے بعد 35 وزرا، مشیروں کو سیکیورٹی پروٹوکول واپس نہ مل سکا

اپ ڈیٹ 09 اپريل 2022
افسران نے بتایا کہ 20 وفاقی وزرا، 10 مشیروں اور 5 وزرائے مملکت سے پولیس گارڈز واپس لے لیے گئے ہیں — فوٹو: اے ایف پی
افسران نے بتایا کہ 20 وفاقی وزرا، 10 مشیروں اور 5 وزرائے مملکت سے پولیس گارڈز واپس لے لیے گئے ہیں — فوٹو: اے ایف پی

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد وزیر اعظم اور ان کی کابینہ بحال ہو گئی ہے، تاہم حال ہی میں 35 وزرا، مشیروں اور وزرائے مملکت سے واپس لیا گیا سیکیورٹی پروٹوکول انہیں بحالی کے بعد واپس نہیں دیا گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے وفاقی وزیر داخلہ اور وزیر اعظم کے 2 مشیروں کے علاوہ کابینہ کے ارکان کو دیا گیا سیکیورٹی پروٹوکول واپس لے لیا ہے۔

بلیو بُک کے مطابق وزرا، وی آئی پی ہیں اور اپنے قلمدان کے مطابق پولیس گارڈز اور اسکواڈز کے حقدار ہیں، اس کے علاوہ وزیر اعظم کے خصوصی مشیروں اور معاونین کو وزیر کا درجہ حاصل ہے۔

پولیس افسران نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان کو بتایا کہ دھمکیوں کی تشخیص کرنے والی کمیٹی کی سفارش پر پولیس گارڈز ابھی تک وزیر داخلہ شیخ رشید احمد، وزیر اعظم کے سابق معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی اور انسانی وسائل سید ذوالفقار عباس بخاری اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل کے ہمراہ تعینات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وی آئی پیز، سینئر بیوروکریٹس کے سیکیورٹی پروٹوکول میں کمی کردی گئی

انہوں نے کہا کہ سید ذوالفقار عباس بخاری کے ساتھ 2 پولیس گارڈز اور 2 شہباز گل کے ساتھ تعینات ہیں، انہوں نے مزید بتایا کہ شیخ رشید کے ساتھ ایک درجن پولیس گارڈز اور ایک پولیس موبائل تعینات ہے۔

افسران نے بتایا کہ 20 وفاقی وزرا، 10 مشیروں اور 5 وزرائے مملکت سے پولیس گارڈز واپس لے لیے گئے ہیں۔

وزیر برائے انسانی حقوق اور وزیر دفاع سے 3، 3 پولیس گارڈز واپس لے لیے گئے، وزیر قانون و انصاف، خارجہ امور، بین الصوبائی رابطہ، تعلیم، مذہبی امور، سرحدی علاقوں، اطلاعات و نشریات، سمندری امور، ریاستوں اور سرحدی علاقوں، نجکاری، کشمیر اور گلگت بلتستان کے امور، نارکوٹکس کنٹرول، آئی ٹی ٹیلی کام، سائنس و ٹیکنالوجی اور توانائی کے وزرا سے 2،2 گارڈز واپس لے لیے گئے جبکہ دفاعی پیداوار اور اقتصادی امور سے ایک، ایک گارڈ واپس لے لیا گیا۔

اسی طرح سرحدی علاقوں، پارلیمانی امور، موسمیاتی تبدیلی، ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور اطلاعات و نشریات کے وزرائے مملکت سے 2،2 پولیس گارڈز واپس لے لیے گئے۔

مزید پڑھیں: سابق وزرا اور مشیروں کے ہمراہ پولیس گارڈز تاحال تعینات

وزیر اعظم کے خصوصی مشیر برائے احتساب اور داخلہ سے 4 پولیس گارڈز واپس لے لیے گئے جبکہ وزیر برائے پارلیمانی امور، وزیر خزانہ اور ریونیو اور وزیر برائے سمندر پار پاکستانی اور انسانی وسائل کی ترقی سے 2،2 گارڈز واپس لے لیے گئے۔

وزیراعظم کے معاونین خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی، اسٹیبلشمنٹ، نیشنل سیکیورٹی ڈویژن اور اسٹریٹجک پالیسی پلاننگ، سماجی تحفظ اور انسداد غربت سے 2، 2 پولیس گارڈز واپس لے لیے گئے جبکہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور سندھ اور بلوچستان میں مفاہمت اور ہم آہنگی سے بھی ایک، ایک گارڈ واپس لے لیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں