دنیا کی معمر ترین خاتون 119سال کی عمر میں انتقال کر گئیں

اپ ڈیٹ 26 اپريل 2022
’کین تاناکا‘ کا جنم 2 جنوری 1903 میں جاپان کے جنوب مغربی علاقے فوکاکا میں ہوا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی
’کین تاناکا‘ کا جنم 2 جنوری 1903 میں جاپان کے جنوب مغربی علاقے فوکاکا میں ہوا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی

دنیا کے معمر ترین شخص کی سند حاصل کرنے جاپانی خاتون 119 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق جاپان سے تعلق رکھنے والی خاتون ’کین تاناکا‘ کا جنم 2 جنوری 1903 میں جاپان کے جنوب مغربی علاقے فوکاکا میں ہوا تھا۔

مزید پڑھیں: دنیا کی دوسری معمر ترین خاتون کووڈ کو شکست دیکر 117 ویں سالگرہ منانے کیلئے تیار

یہ وہی سال ہے جس میں رائٹ برادران نے پہلی بار اڑان بھری تھی اور میری کیوری نوبیل انعام حاصل کرنے والی پہلی خاتون بنی تھیں۔

کین کی کچھ عرصہ قبل تک بہتر حالت تھی اور وہ ایک نرسنگ ہوم میں رہتی تھیں جہاں وہ بورڈ گیمز، ریاضی کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ سوڈا اور چاکلیٹ سے لطف اندوز ہوتی تھیں۔

کین نے اپنی زندگی کے اوائل میں مختلف کاروبار بھی کیے جن میں نوڈلز کی دکان اور ایک چاول کیک کی دکان شامل ہے اور انہوں نے ایک صدی پہلے یعنی 1922 میں تاناکہ نامی ایک شخص سے شادی کی تھی اور چار بچوں کو جنم دینے کے ساتھ ساتھ ایک بچے کو گود بھی لیا تھا۔

کین تاناکا نے یہ منصوبہ بنایا تھا کہ وہ وہیل چیئر کے ذریعے ٹوکیو اولمپکس 2021 میں ٹارچ ریلی میں شریک ہوں گی لیکن کووڈ کی عالمی وبا کے سبب وہ ایسا نہ کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کی معمر ترین خاتون انتقال کرگئیں

2019 میں جب گنیز ورلڈ ریکارڈ نے ان کو دنیا کی معمر ترین شخصیت تسیلم کیا تھا تو ان سے پوچھا گیا کہ وہ زندگی میں کس لمحہ میں زیادہ خوش ہوئی تھیں اس پر انہوں نے کہا تھا کہ وہ موجودہ دور سے سب سے زیادہ لطف اندوز ہورہی ہیں۔

اپنی روزمرہ زندگی میں وہ صبح چھ بجے جاگ جاتی تھیں، دوپہر کے وقت ریاضی کی تعلیم حاصل کرتی تھیں اور کیلی گرافی کرتی تھیں۔

گنیز بک میں لکھا گیا ہے کہ کین کی پسندیدہ گیم اوتھیلو ہے اور وہ اس میں اتنی ماہر ہیں کہ نرسنگ ہوم کے بقیہ تمام افراد اور ملازمین کو بھی شکست دے دیتی ہیں۔

19اپریل کو کین کی وفات پر مقامی گورنر سیتارو ہٹوری نے ان کی زندگی کو سراہا ہے۔

گورنر نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ میں اس سال کین کو عمر رسیدہ دن کے موقع پر دیکھنے اور اس کے پسندیدہ سوڈا اور چاکلیٹ کے ساتھ مل کر منانے کا منتظر تھا لیکن یہ خبر سن کر بہت غمزدہ ہوں۔

مزید پڑھیں: مردہ قرار دیئے جانے کے کئی گھنٹوں بعد معمر خاتون زندہ دریافت

ورلڈ بینک کے ڈیٹا کے مطابق جاپان دنیا کا معمر ترین آبادی رکھنے والا ملک ہے جس میں 28 فیصد لوگوں کی عمر 65 سال سے زائد ہے۔

اس سے پہلے گنیز بک نے فرانس کی ایک خاتون جین لوئز کالمنٹ کو دنیا کی معمر ترین شخصیت تسلیم کیا تھا اور وہ 1997 میں 122 سال کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں