’ہم سب امید سے ہیں‘ میں کم عمری اور نا سمجھی میں سیاستدانوں کا مذاق اڑایا، صبا قمر

اپ ڈیٹ 27 اپريل 2022
صبا قمر نے مزاحیہ سیاسی شو کی 200 قسطوں کی میزبانی کی تھی—اسکرین شاٹ
صبا قمر نے مزاحیہ سیاسی شو کی 200 قسطوں کی میزبانی کی تھی—اسکرین شاٹ

مقبول سیاسی مزاحیہ ریئلٹی شو ’ہم سب امید سے ہیں‘ کی کئی ماہ تک میزبانی کرنے والی اداکارہ صبا قمر نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے مذکورہ شو میں کم عمری اور نا سمجھی میں سیاستدانوں کا مذاق اڑایا، انہیں اس وقت زیادہ تر چیزوں کا علم نہیں تھا۔

’ہم سب امید سے ہیں‘ ماضی میں جیو ٹی وی پر نشر ہونے والا مزاحیہ شو تھا جو کئی سال تک نشر ہوتا رہا۔

مذکورہ پروگرام میں صبا قمر سے قبل متعدد اداکاراؤں نے میزبانی کے فرائض سر انجام دیے تھے اور صبا قمر نے کم از کم مذکورہ شو کی 200 اقساط کی میزبانی کی تھی۔

’ہم سب امید سے ہیں‘ میں سیاستدانوں کے ڈمی کردار بنا کر ان کے انداز کی نقل کی جاتی تھی۔

مذکورہ شو میں صبا قمر کی جانب سے متعدد سیاستدانوں کی نقل اتارنے کو پسند کیا جاتا تھا مگر اب اداکارہ و میزبان نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے ’ہم سب امید سے ہیں‘ میں کم عمری اور نا سمجھی میں ایسا کیا۔

صبا قمر نے حال ہی میں ’سم تھنگ ہاٹ‘ کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا کہ انہیں اداکاری کی سمجھ پہلی بولی وڈ فلم ’ہندی میڈیم‘ میں کام کرنے کے بعد آئی۔

اداکارہ کے مطابق ’ہندی میڈیم‘ میں کام کرنے سے قبل وہ کچھ اور تھیں اور اس میں کام کرنے کے بعد وہ کچھ اور بن گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بولی وڈ فلم میں عرفان خان کے ہمراہ کام کرنے کے بعد انہیں اداکاری کی سمجھ آنے سمیت دیگر چیزوں کی بھی سمجھ آئی اور وہ مزید میچور بن گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: صبا قمر فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ کام کرنے کی خواہاں

انہوں نے عرفان خان کے ساتھ کام کرنے کے تجربے پر بھی بات کی اور کہا کہ وہ حیران رہ گئیں کہ عرفان خان شوٹنگ کے وقت کوئی تیاری کیے بغیر ہی کام کرتے تھے۔

ایک سوال کے جواب میں صبا قمر نے بتایا کہ انہیں مرد ساتھی اداکاروں میں سب سے زیادہ نعمان اعجاز کے ساتھ کام کرنے میں مزہ آیا۔

عرفان خان کے ہندی میڈیم میں کام کرنے کے بعد زندگی ہی تبدیل ہوگئی، اداکارہ—اسکرین شاٹ
عرفان خان کے ہندی میڈیم میں کام کرنے کے بعد زندگی ہی تبدیل ہوگئی، اداکارہ—اسکرین شاٹ

انہوں نے نعمان اعجاز کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ دراصل وہ ذہنی طور پر اب بھی ایک بچے کی طرح ہیں، وہ بولتے وقت اس بات کا خیال نہیں کرتے کہ وہ کیا بول رہے ہیں اور لوگ ان کی بات کو سمجھ پائیں گے یا نہیں؟

مزید پڑھیں: صبا قمر اردو فلکس کی ویب سیریز میں اداکاری کیلئے تیار

صبا قمر کا کہنا تھا کہ نعمان اعجاز اپنے شو میں بہت ساری ایسی باتیں کہہ جاتے ہیں جو انہیں نہیں کہنی ہوتیں اور پھر بعد میں وضاحت کرتے ہیں کہ ان کا مطلب وہ نہیں تھا جو لوگوں نے سمجھا۔

اداکارہ نے ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ اب اگر انہیں ’ہم سب امید سے ہیں‘ کی میزبانی کی پیش کش کی جائے تو وہ اسے نہیں نبھا سکیں گی، کیوں کہ اب ان میں سمجھ آ چکی ہے اور وہ سیاسی حوالے سے بھی میچور ہو چکی ہیں۔

ان کے مطابق اس وقت جب وہ ہم سب امید سے ہیں کرتی تھیں، تب وہ ناسمجھ اور کم عمر تھیں، اس لیے انہوں نے بے خبری میں ایسا کیا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ اس وقت شو میں وہ جن سیاستدانوں کا مذاق اڑاتی تھیں، اگر وہ ان کے سامنے آجاتے تھے تو وہ ان سے چھپ جاتی تھیں مگر اب وہ نہ تو ایسا شو کریں گی اور نہ ہی کسی کا ماضی کی طرح مذاق اڑائیں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں