جویریہ عباسی اور اعجاز اسلم اداکارہ ماہرہ خان کی حمایت میں سامنے آگئے

29 اپريل 2022
دونوں اداکاروں نے ڈراما ساز کا نام لکھے بغیر ان پر تنقید کی—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں اداکاروں نے ڈراما ساز کا نام لکھے بغیر ان پر تنقید کی—فوٹو: انسٹاگرام

ڈراما ساز خلیل الرحمٰن قمر کی جانب سے ’سپر اسٹار‘ اداکارہ ماہرہ خان پر تنقید کیے جانے کے بعد اداکارہ جویریہ عباسی اور اعجاز اسلم نے ماہرہ خان کی حمایت کرتے ہوئے ڈراما ساز کو کھری کھری سنادی۔

خلیل الرحمٰن قمر نے 28 اپریل کو ماہرہ خان کی جانب سے انسٹاگرام پر کی گئی پوسٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے کرتے ہوئے اداکارہ کو 2014 کے اپنے ڈرامے ’صدقے تمہارے‘ میں کاسٹ کرنے کو گناہ قرار دیا تھا۔

خلیل الرحمٰن قمر نے لکھا تھا کہ وہ اپنے گناہ پر ہمیشہ ملامت کرتے ہیں گے کہ انہوں نے ماہرہ خان کو صدقے تمہارے میں ایک اچھے کردار کے لیے کاسٹ کیا تھا۔

انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں ماہرہ خان کی پرانی ٹوئٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مذکورہ ٹوئٹ اس عورت کی وہ ٹوئٹ ہے جو انہوں نے ماروی سرمد کے ساتھ ہونے والے واقعے کے ایک دن بعد کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان کو ’صدقے تمہارے‘ میں کاسٹ کرنا گناہ تھا، خلیل الرحمٰن قمر

ساتھ ہی ڈراما ساز نے لکھا کہ وہ ماہرہ خان کی بہت عزت اور احترام کرتے تھے مگر اداکارہ کی زبان اور ان کا گھٹیاپن وہ کبھی بھی نہیں بھلا پائیں گے۔

خلیل الرحمٰن قمر نے مذکورہ ٹوئٹس میں ایک ایسے وقت میں کی تھیں جب کہ ماہرہ خان نے انسٹاگرام پر صدقے تمہارے کا ایک سین شیئر کرتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا تھا کہ مذکورہ ڈراما اب یوٹیوب پر بھی ریلیز کردیا گیا۔

خلیل الرحمٰن قمر کی جانب سے ماہرہ خان پر تنقید کرنے اور ان کے لیے سخت زبان استعمال کرنے پر جہاں عام لوگوں نے ڈراما ساز کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، وہیں اب جویریہ عباسی اور اعجاز اسلم نے بھی ان پر تنقید کی ہے۔

جویریہ عباسی نے ڈراما ساز کو ماہ مبارک رمضان کا احترام کرنے کا درس دیا اور لکھا کہ ان کی جانب سے اپنی ذات پر ملامت کرتے رہنا کوئی اچھا کام نہیں، ان کی طرح اپنی ذات پر تنقید کرنے والے کئی لوگ آج بے نام پڑے ہوئے ہیں۔

جویریہ عباسی نے خلیل الرحمٰن قمر کا نام لکھے بغیر لکھا کہ ماہرہ خان سمیت انڈسٹری میں کام کرنے والے ہر شخص کی عزت کی جانی چاہیے۔

ان کی طرح سینیئر اداکار اعجاز اسلم نے بھی خلیل الرحمٰن قمر کا نام لکھے بغیر انہیں تجویز دی کہ وہ ماہرہ خان سمیت شوبز انڈسٹری کے تمام افراد کی عزت کریں۔

اعجاز اسلم نے مزید لکھا کہ ان کے خیال میں ماہرہ خان کے پرانے کمنٹس کو پھر سے سامنے لانا سستی شہرت حاصل کرنے کے برابر ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں