بل گیٹس اور آرمی چیف کا پولیو کے خاتمے اور کورونا وائرس مہم پر تبادلہ خیال

اپ ڈیٹ 30 اپريل 2022
آرمی چیف نے پولیو کے خاتمے اور کورونا وائرس پر ردعمل کے لیے بل گیٹس کی کوششوں کو سراہا— فائل فوٹو: ڈان نیوز/ رائٹرز
آرمی چیف نے پولیو کے خاتمے اور کورونا وائرس پر ردعمل کے لیے بل گیٹس کی کوششوں کو سراہا— فائل فوٹو: ڈان نیوز/ رائٹرز

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے ٹیلی فون کال پر پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کے عزم اور ملک میں کووِڈ۔19 کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق بل گیٹس نے ملک میں پولیو مہم کی حمایت، مناسب رسائی اور کوریج یقینی بنانے پر پاک فوج کی تعریف کی، آرمی چیف نے جواب دیا کہ پولیو کا خاتمہ ایک قومی مقصد ہے اور اس عمل میں شامل تمام افراد کو کریڈٹ جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں 10 دن سے بھی کم وقت میں پولیو کا دوسرا کیس رپورٹ

بل گیٹس نے وسائل کی کمی کے باوجود کووڈ۔19 کے خلاف پاکستان کی کامیابی کو بھی سراہا جس پر آرمی چیف نے کہا کہ یہ کامیابی ایک حقیقی قومی ردعمل کی وجہ سے ممکن ہوئی جسے این سی او سی کے میکنزم کے ذریعے عمل میں لایا گیا جس سے وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار لانے میں مدد ملی۔

آرمی چیف نے پولیو کے خاتمے اور کورونا وائرس پر ردعمل جیسے نیک مقاصد کے لیے بل گیٹس کی کوششوں کو سراہا اور انہیں تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔

اس سال کے شروع میں بل گیٹس نے پہلی بار پاکستان کا دورہ کیا تھا اور اس وقت کے وزیر اعظم، صدر اور دیگر قومی و صوبائی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی تھیں، انہوں نے ظہرانے اور ایک تقریب میں شرکت بھی کی تھی جس میں انہیں ملک کے اعلیٰ ترین سول اعزازات میں سے ایک سے نوازا گیا تھا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بل گیٹس کو انسانیت، پولیو کے خاتمے اور پاکستانی عوام کی بہتری کے لیے ان کی فلاحی خدمات کے اعتراف میں ہلال پاکستان سے نوازا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بل گیٹس کا پہلا دورہ پاکستان، ہلال پاکستان ایوارڈ سے نواز دیا گیا

بل گیٹس نے این سی او سی کا بھی دورہ کیا تھا اور پولیو پر نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے اجلاس کی صدارت کی تھی، بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن اس بیماری سے لڑنے والی حکومتوں اور بین الاقوامی تنظیموں کے درمیان ایک عالمی اقدام کا حصہ ہے۔

پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کے عزم کو متاثر کن قرار دیتے ہوئے بل گیٹس نے کہا تھا کہ ملک اس بیماری کے خلاف اختتامی مراحل میں ہے۔

اس ماہ کے اوائل میں وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ ایک ٹیلی فون کال میں بل گیٹس نے پاکستان کو بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے مکمل تعاون کی یقینی دہانی کرائی تھی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ملک میں پولیو وائرس کی وجہ سے کسی بچے کو فالج کا خطرہ لاحق نہ ہو۔

پاکستان میں 2021 میں پولیو کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا تھا لیکن تقریباً 15 ماہ تک پولیو سے پاک رہنے کے بعد اب ملک میں 10 دن سے بھی کم عرصے میں دوسرا کیس رپورٹ ہوا ہے۔

مزید پڑھیں: بل گیٹس پولیو کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششوں کے معترف

نئے کیسز نے متعلقہ حکام میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے کیونکہ عید کی تعطیلات کے دوران بڑے پیمانے پر نقل و حرکت کی وجہ سے وائرس لوگوں کے ساتھ سفر کر سکتا ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

انجنیئر حا مد شفیق Apr 30, 2022 08:50pm
لگتا ہے آرمی چیف کا کام سرحدوں کی حفاظت کرنا نہیں پولیو کا خاتمہ کرنا ہے