دن کے اوقات میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچے کا امکان

09 مئ 2022
پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں درجہ حرارت معمول سے 7 تا 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ ہوسکتا ہے۔—فوٹو: شٹراسٹاک
پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں درجہ حرارت معمول سے 7 تا 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ ہوسکتا ہے۔—فوٹو: شٹراسٹاک

محکمہ موسمیات نے پیر کو دن کے اوقات میں درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیشن گوئی کی ہے جبکہ آنے والے دنوں میں درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

ڈان اخبار کی خبر کے مطابق پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں درجہ حرارت معمول سے 7 تا 9 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ ہوسکتا ہے جبکہ سندھ اور بلوچستان میں معمول سے 6 تا 8 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی آب و ہوا میں زیادہ دباؤ کے باعث ملک کے زیادہ تر حصوں میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوسکتا ہے، جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں اتوار کو درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مزید پڑھیں: گرمی کی غیرمعمولی لہر سے بھارت، پاکستان میں ہزاروں ہلاکتوں کا خدشہ

ملک کے بیشتر حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ تاہم میدانی علاقوں میں ہیٹ ویو کی شدید صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

اس کے علاوہ گرم سورج اور نمی نے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسم کو مزید گرم بنا دیا۔ جس نے لوگوں کو گھروں میں رہنے پر مجبور کر دیا۔

پچھلے چند دنوں سے جڑواں شہروں میں درجہ حرارت زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے باعث شہریوں کو گھروں سے باہر جانے میں دشواری کا سامنا ہے، خاص طور پر دوپہر کے اوقت میں۔

زیادہ تر نوجوانوں گرمی سے بچنے کے لیے راول، خان پور، سملی ڈیموں، چتر پارک سمیت دیگر قریبی پانی کے ذخائر پر سوئمنگ کرنے کے لیے گئے۔ جڑواں شہروں میں سوئمنگ پولوں پر رش بھی دیکھا گیا۔

ہیٹ ویو کی مستقل لہر کے باعث درجنوں لوگ بے ہوش ہوگئے جنہیں ہسپتالوں میں داخل کر دیا گیا۔ تاہم ڈاکٹروں نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ سڑکوں پر ڈھابوں سے کھانا کھانے سے گریز کریں۔

یہ بھی پڑھیں: لو سے حفاظت اور اس کا علاج کیسے؟

ادھر راولپنڈی شہر کے مختلف علاقوں میں لوگوں کو بجلی کی مسلسل بندش کا سامنا کرنا پڑا۔

تاہم اس سے قبل محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں 11 مئی سے شدید ہیٹ ویو کی پیش گوئی کی تھی۔

محمکمہ موسمیات کے مطابق اس ہیٹ ویو سے صوبائی دارالحکومت کراچی کا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ہوسکتا ہے، محمکمہ موسمیات کے مطابق یہ ہیٹ ویو مرکزی اور بالائی سندھ پر موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کی ہیٹ ویو ایڈوائزری میں بتایا گیا تھا کہ ہیٹ ویو کی یہ لہر 16 مئی تک جاری رہ سکتی ہے۔ کراچی میں 12 سے 14 مئی کے دوران درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے بھی زیادہ ہوسکتا ہے۔

درجہ حرارت میں شدت آنے سے پہلے 9 تا 10 مئی کے دوران کراچی شہر میں دراجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شدید ہیٹ ویو صوبوں کے دیگر حصوں میں بھی ہو سکتی ہے۔

دادو، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شہید بے نظیر آباد (نواب شاہ)، نوشہرو فیروز، خیرپور، شکارپور اور گھوٹکی اضلاع میں درجہ حرارت 46 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔

اسی عرصے کے دوران جامشورو، حیدر آباد، بدین، ٹھٹہ، میرپور خاص اور عمر کوٹ اضلاع میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ خشک اور گرم موسم فصلوں، سبزیوں اور باغات کو متاثر اور توانائی کی طلب میں بھی اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔

عوام کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ جہاں تک ممکن ہو خاص طور پر پیک آورز 11 سے 4 بجے کے درمیان کھلے سورج کے نیچے نہ جائیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ماحولیاتی تبدیلی کے ماہرین نے بھی بتایا تھا کہ بھارت اور پاکستان کو پچھلے دو ماہ سے گرمی کی تباہ کن لہر نے لپیٹ میں لیا ہوا ہے جو غیر معمولی ہے، لیکن ماحولیاتی تبدیلی تیزی سے جاری ہے جس سے صورت حال شاید زیادہ خراب ہو۔

ماحولیاتی سائنسی تحقیق کرنے والے غیر منافع بخش ادارے ’برکلے ارتھ‘ کے بڑے سائنسدان رابرٹ روہڈے نے بتایا کہ گرمی کی اس لہر سے ہزاروں لوگ ہلاک ہوسکتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں