وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی امریکی ہم منصب سے رواں ہفتے ملاقات متوقع

اپ ڈیٹ 15 مئ 2022
کانفرنس کے موقع پر انٹونی بلنکن کے ساتھ بلاول بھٹو کی براہ راست ملاقات ہو سکتی ہے — فوٹو: دفتر خارجہ/ٹوئٹر
کانفرنس کے موقع پر انٹونی بلنکن کے ساتھ بلاول بھٹو کی براہ راست ملاقات ہو سکتی ہے — فوٹو: دفتر خارجہ/ٹوئٹر

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری رواں ہفتے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں 2 روزہ ’گلوبل فوڈ سیکیورٹی‘ کانفرنس میں شرکت اور ممکنہ طور پر امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن سے بھی ملاقات کریں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن افریقہ اور مشرق وسطیٰ کے چند ممالک کو خوراک کی فراہمی کا اہم ذریعہ سمجھے جانے والے ملک یوکرین میں روسی جنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والی غذائی قلت کی مشکلات پر 18 اور 19 مئی کو ہونے والی 2 روزہ کانفرنس کی صدرات کریں گے۔

مزید پڑھیں: کورونا پر عالمی اجلاس: بلاول بھٹو وبا کے خلاف پاکستانی حکمت عملی کے معترف

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 17 مئی کو نیویارک پہنچیں گے او 18 مئی کو اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں ’غذائی قلت کانفرنس‘ کے پہلے سیشن سے خطاب کریں گے اور 19 مئی کو سلامتی کونسل میں دوسرے سیشن میں بھی شرکت کریں گے۔

کانفرنس کے موقع پر انٹونی بلنکن کے ساتھ بلاول بھٹو کی براہ راست ملاقات ہو سکتی ہے کیونکہ واشنگٹن میں علیحدہ ملاقات کا امکان نہیں ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستانی عہدیدار فوڈ سیکیورٹی کانفرنس میں وزیر خارجہ کی مصروفیات میں سہولت فراہم کر رہے ہیں جبکہ واشنگٹن میں سفارت خانہ متوقع دوطرفہ ملاقات پر کام کر رہا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن، فوڈ سیکیورٹی کانفرنس میں وزیر خارجہ کی مصروفیات میں معاونت فراہم کر رہا ہے جبکہ واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانہ دونوں شخصیات کے درمیان متوقع ملاقات کے لیے مصروف عمل ہے۔

اس سے قبل جمعرات کو وزیر خارجہ نے وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ’کووڈ 19 سمٹ‘ سے ورچوئل خطاب کیا تھا اور کہا تھا کہ امریکا نے پاکستان کو 6 کروڑ 20 لاکھ ویکسین فراہم کرنے میں بہت فراخدلی کا مظاہرہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی یونیورسٹی حملے کے ذمہ داروں کو مثالی سزا ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، بلاول بھٹو

انہوں نے دنیا کی 2 اہم طاقتوں امریکا اور چین کے ساتھ متوازن تعلقات کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا تھا کہ چین نے بھی پاکستان کی ہمیشہ سے بہت مدد کی ہے۔

روس کے حملے کے سبب دنیا بھر میں خوراک کی فراہمی پر اثرات کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کی جانے والی اس کانفرنس میں پاکستان کی شرکت کا فیصلہ سابق وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں سے علیحدگی کا اشارہ ہے۔

پی پی پی وزرا کا اجلاس

گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے وفاقی وزرا کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کو اپنی اپنی وزارتوں کے مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

پیپلز پارٹی کے میڈیا آفس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پارٹی چیئرمین کو وفاقی وزرا نے اپنی اپنی وزارتوں کی کارکردگی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے مستقبل کی حکمت عملیوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ عوام کے مسائل کا فوری حل اسی وقت ممکن ہے جب آپ کا عام آدمی سے گہرا تعلق ہو۔

اجلاس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ایک وزیر نے بتایا کہ پارٹی چیئرمین نے ورچوئل اجلاس کی صدارت کی جس میں انہوں نے وزرا سے اپنے ’اہداف‘ طے کرنے کا بھی کہا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں