• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:32pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:57pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 4:00pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:32pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:57pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 4:00pm

عامر لیاقت حسین کا ملک چھوڑ جانے کا اعلان

شائع May 16, 2022
پوری قوم نے میرا مذاق اڑایا، عامر لیاقت—اسکرین شاٹ
پوری قوم نے میرا مذاق اڑایا، عامر لیاقت—اسکرین شاٹ

رکن قومی اسمبلی، اسکالر و ٹی وی میزبان سید عامر لیاقت حسین نے تیسری اہلیہ دانیہ ملک کی جانب سے تنسیخ نکاح کے لیے عدالت سے رجوع کیے جانے اور اپنی نازیبا ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد ملک چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

عامر لیاقت نے انسٹاگرام پر 50 منٹ دورانیے سے زائد کی ویڈیو میں مداحوں سے بات کرتے ہوئے اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا ذکر کرتے ہوئے اشکبار بھی ہوگئے۔

طویل دورانیے کی ویڈیو میں عامر لیاقت نے کہا کہ دانیہ شاہ نے انہیں ’ننگا کیا‘ ان کا ’پردہ‘ پھاڑا، پوری قوم نے ان کا تماشا بنایا، اس لیے اب وہ اس ملک میں نہیں رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عامر لیاقت کی اہلیہ دانیہ شاہ نے خلع کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا

ان کا کہنا تھا کہ ایک نادان لڑکی کے الزامات پر پاکستانیوں نے یقین کیا، کسی نے ان کا گلا پکڑ کر ان سے نہ پوچھا کہ جو شخص بار بار خدا کو یاد کرتا ہے، وہ کیسے خدا کو نہیں مان سکتا؟

انہوں نے کہا کہ دانیہ ملک سے یوٹیوبرز اور نئے نئے صحافیوں نے انٹرویوز کر کے ان کا تماشا کیا، ان کی اہلیہ سے پوچھا گیا کہ عامر لیاقت میں مردانہ کمزوری تھی یا نہیں؟

میزبان کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ سوچ کر شادی کی تھی کہ وہ کسی کو سہارا دے کر اپنے گناہوں کا کفارا کر لیں گے مگر ان کا تماشا بنایا گیا، انہیں پاکستان کے سامنے ننگا کیا گیا، ان کی مرحوم والدہ تک کو بھی نہیں بخشا گیا۔

عامر لیاقت نے کہا کہ لوگ انہیں یہ مشورہ نہ دیں کہ ان کی پہلی بیوی بشریٰ اقبال اچھی تھی بلکہ ان سے پوچھا جائے کہ انہوں نے 20 سال کس تکلیف میں گزارے؟

انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں یہ مشورہ نہ دیا جائے کہ ان کی دوسری بیوی طوبیٰ اچھی تھی، اگر وہ اچھی ہوتی تو راتوں و رات انہیں چھوڑ کر نہ جاتیں؟

مزید پڑھیں: عامر لیاقت نے دانیہ شاہ کے الزامات مسترد کردیے

عامر لیاقت نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ انہوں نے نہ تو پہلی بیوی کو طلاق دی اور نہ ہی دوسری بیوی کو خلع دی بلکہ دونوں نے اپنے طریقے سے غیر شرعی طور پر ایسا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان کی کردار کشی کرنے والے لوگ ان کے قریبی افراد یا جاننے والوں سے پوچھیں کہ وہ کس کردار کے مالک ہیں؟

انہوں نے لوگوں کو کہا کہ وہ جنگ اور جیو نیٹ ورک کے بانی میر شکیل الرحمٰن اور ایکسپریس کے بانی سلطان لاکھانی سے پوچھیں کہ ان کا کیا کردار ہے؟

انہوں نے عوام کو صحافی حامد میر، شاہزیب خانزادہ، وسیم بادامی، عاصمہ شیرازی، اقرار الحسن، مبشر لقمان، رئوف کلاسرا اور جیسمین منظور سے بھی ان کا کردار پوچھنے کا کہا۔

شادی کے وقت دانیہ کم عمر تھی، عامر لیاقت کا اعتراف

دونوں نے فروری 2022 میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے فروری 2022 میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

طویل ویڈیو میں عامر لیاقت نے اعتراف کیا کہ شادی کے وقت دانیہ ملک 14 یا 15 سال کی تھیں مگر ان سے جھوٹ بولا گیا کہ وہ 18 سال کی ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب انہیں معلوم ہوا کہ دانیہ ملک کم عمر ہیں تو انہوں نے ان کا بسترا تک الگ کردیا، کیوں کہ وہ 18 یا کم از کم 17 سال سے کم عمر لڑکی کو ہاتھ تک نہیں لگاتے۔

عامر لیاقت نے کہا کہ انہوں نے اپنے نفس پر کنٹرول کرکے ایسا کیا اور دانیہ ملک کو بچانے اور سمجھاتے رہے مگر وہ نہ سمجھیں اور انہیں ننگا کردیا۔

انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ان کا دانیہ ملک سے شادی کرنے کا مقصد کچھ اور تھا، وہ انہیں پڑھانا اور ان کی مدد کرنا چاہتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: عامر لیاقت اور دانیہ شاہ کے ایک دوسرے پر ’شرمناک‘ الزامات

طویل ویڈیو میں عامر لیاقت نے کہا کہ وہ دانیہ ملک سمیت طوبیٰ اور پہلی بیوی بشریٰ کو بھی معاف کرتے ہیں اور پھر اعلان کیا کہ وہ پاکستان چھوڑ کر جا رہے ہیں۔

انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ کہاں جا رہے ہیں اور کب تک ملک چھوڑ دیں گے، تاہم کہا کہ انہوں نے بیرون ملک جانے سے متعلق اپنے بچوں کو بھی نہیں بتایا۔

خیال رہے کہ رواں ماہ 7 مئی کو عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ ملک نے ان سے تنسیخ نکاح کے لیے بہاولپور کی عدالت میں درخواست دائر کی تھی، جس کے بعد اہلیہ نے ان پر شرمناک الزامات بھی لگائے تھے۔

دانیہ ملک کے مطابق عامر لیاقت انہیں کئی دن تک بھوکا رکھتے تھے، ان پر تشدد کرتے تھے، انہیں فحش ویڈیوز بنا کر بیرون ملک بھیجنے کے لیے دباؤ ڈالتے تھے، ان کے ساتھ نامناسب حرکتیں کرتے تھے، انہیں نماز پڑھنے تک نہ دیتے تھے۔

علاوہ ازیں سوشل میڈیا پر عامر لیاقت کی مبینہ ننگی ویڈیوز بھی وائرل ہوئی تھیں، جن سے متعلق دانیہ ملک نے کہا تھا کہ مذکورہ ویڈیوز انہوں نے نہیں، کسی تیسرے شخص نے ریکارڈ کی تھیں۔

اسی طرح عامر لیاقت نے بھی دانیہ ملک کی مبینہ آڈیو بھی شیئر کی تھیں، جس میں انہیں کسی دوسرے غیر مرد کے ساتھ نامناسب باتیں کرتے سنا جا سکتا تھا۔

میڈیا پر اپنا ٹرائل ہونے کے بعد اب عامر لیاقت نے دانیہ ملک کو معاف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ملک چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

کارٹون

کارٹون : 9 اکتوبر 2024
کارٹون : 8 اکتوبر 2024