گورنر پنجاب کا وزیر اعظم کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کروانے کا اعلان

اپ ڈیٹ 17 مئ 2022
عمر چیمہ نے کہا کہ  میں آئین کی خلاف ورزی کا مقدمہ عدالت  میں لے کر جاؤں گا — فائل فوٹو: ڈان نیوز
عمر چیمہ نے کہا کہ میں آئین کی خلاف ورزی کا مقدمہ عدالت میں لے کر جاؤں گا — فائل فوٹو: ڈان نیوز

سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت بڑے پیمانے پر غداری کے مقدمے کے اندراج کے لیے عدالت کا رخ کریں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عمر چیمہ کا مزید کہنا تھا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا ماننا ہے کہ الیکشن کمیشن، حلقہ بندیوں میں جان بوجھ کر تاخیر کر رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت وزیر اعظم کے خلاف مقدمہ درج کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید پڑھیں: گورنر پنجاب کی برطرفی، عمران خان کا سپریم کورٹ سے آئین کی ’خلاف ورزی‘ پر نوٹس لینے کا مطالبہ

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اور ان کے صاحبزادے پنجاب میں مسلسل قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہے ہیں۔

عمر چیمہ نے کہا کہ ’میں آئین کی خلاف ورزی کا مقدمہ عدالت میں لے کر جاؤں گا‘۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ آرٹیکل 6 کے مطابق کوئی بھی شخص جو طاقت کے استعمال یا طاقت کے اظہار یا کسی اور ذریعے سے آئین کو منسوخ کرتا ہے یا توڑتا ہے یا معطل کرتا ہے یا التوا میں رکھتا ہے، یا اسے منسوخ کرنے یا توڑنے یا معطل کرنے یا ملتوی کرنے کی کوشش یا سازش کرتا ہے یا دیگر غیر آئینی ذرائع سے سنگین غداری کا مرتکب ہوتا ہے تو پارلیمنٹ، قانون کے ذریعے سنگین غداری کے مرتکب افراد کی سزا کا انتظام کرے گی۔

دریں اثنا پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ بندیوں میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمر چیمہ کا وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے معاملے پر عارف علوی کو خط

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس سے متعلق کوئی بھی اقدام غیر قانونی ہوگا۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ’الیکشن کمیشن کے تمام اراکین کو گھر بھیج دینا چاہیے‘۔

انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 4 غیر ملکی دورے مکمل کر لیے ہیں لیکن ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپے کی قدر اب تک تنزلی کا شکار ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ آئندہ 72 گھنٹے معیشت کے لیے بہت اہم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: صدرِ مملکت کی مزاحمت کے باوجود گورنر پنجاب عہدے سے برطرف

اسی طرح سابق وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ تمام معاشی اشارے مسلسل منفی رجحان ظاہر کر رہے ہیں۔

ادھر پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کے خلاف کارروائی اور ان کے خلاف مقدمات کے اندراج کی مذمت کی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں