سستے داموں تیل خریدنے پر عمران خان کے بھارت کیلئے تعریفی کلمات

اپ ڈیٹ 22 مئ 2022
عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے لیے پاکستان کا مفاد اولین ترجیح تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی
عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے لیے پاکستان کا مفاد اولین ترجیح تھا — فائل فوٹو: اے ایف پی

سابق وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر بھارت کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امریکا کی زیر قیادت اتحاد ’کواڈ‘ کا کلیدی رکن ہونے کے باوجود روس سے سستے داموں تیل خرید رہا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق عمران خان نے ٹوئٹ کیا کہ ’کواڈ کا حصہ ہونے کے باوجود بھی بھارت امریکا کے دباؤ کو برقرار رکھتے ہوئے روس سے کم قیمت میں تیل خرید رہا ہے اور اپنے عوام کو ریلیف فراہم کر رہا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ یہی وہ مقصد تھا جسے حکومت آزاد خارجہ پالیسی کی مدد سے حاصل کرنے کی کوشش کر رہی تھی‘۔

دوسرے ٹوئٹ میں عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ’ان کی حکومت کے لیے پاکستان کا مفاد اولین ترجیح تھا لیکن بدقسمتی سے مقامی میر جعفر اور میر صادق نے بیرونی دباؤ کے آگے گھٹنے ٹیک دیے‘۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی میڈیا پر وزیر اعظم عمران خان کی تعریفیں

بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زبردستی حکومت تبدیل کی گئی اور اب سر کٹے مرغے کی طرح گھوم رہے ہیں اور معیشت ڈوب رہی ہے۔

عمران خان نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ جنوبی ایشیا کی انڈیکس رپورٹ بھی شامل کی اور کہا کہ روس سے سستے داموں تیل خریدنے کے بعد بھارتی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 50 پیسے فی لیٹر کمی کی ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان بھی اسرائیل کے جاسوسی سوفٹ ویئر کے ذریعے بھارتی نشانے پر رہے، رپورٹ

ولسن سینٹر واشنگٹن میں جنوبی ایشیائی امور کے اسکالر مائیکل کوگلمین نے بھی اسی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ’ یہی وجہ ہے کہ عمران خان اپنی وزارتِ عظمیٰ کے آخری ایام میں بھارت کی تعریف کیا کرتے تھے‘۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ عمران خان چاہتے تھے کہ گندم اور گیس روس سے برآمد کی جائے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں