ایشیا ہاکی کپ: پاکستان کی شاندار کارکردگی، انڈونیشیا کو 0-13 سے شکست

پاکستان نے شان دار کھیل کا مظاہرہ کیا—فوٹو: پی ایچ ایف ٹوئٹر
پاکستان نے شان دار کھیل کا مظاہرہ کیا—فوٹو: پی ایچ ایف ٹوئٹر

پاکستان نے ایشیا ہاکی کپ میں اپنے دوسرے میچ میں میزبان انڈونیشیا کے خلاف شان دار کھیل کا مظاہرہ کرتےہوئے حریف کو 0-13 سے شکست دے دی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں جاری ایشیا ہاکی کپ میں پاکستان نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈونیشیا کو شکست دے دی جبکہ میزبان ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں جاپان کو 0-9 سے زیر کرلیا تھا۔

پاکستان نے اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلا تھا اور مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا تھا۔

مزیدپڑھیں: ایشیا ہاکی کپ: روایتی حریف پاک-بھارت دلچسپ مقابلہ برابری پر ختم

پہلے میچ کے پہلے کوارٹر میں بھارت کی جانب سے سالوم کھارتی نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی تھی تاہم رانا وحید نے اختتامی لمحات میں شارٹ کارنر کی مدد سے گول کرکے پاکستان کو میچ میں واپس لے آئے جو کھیل کے اختتام تک برابر رہی۔

قومی ٹیم نے کھیل کے پہلے کوارٹر میں انڈونیشیا کے خلاف 4 گول کیے۔

پاکستان کی جانب سے رضوان علی نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک مکمل کی، انہوں نے کھیل کے 15 ویں، 25 ویں اور 43 ویں منٹ میں گول کیے۔

دیگر کھلاڑیوں میں اعجاز احمد، رانا وحید نے بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 2،2 گول کیے، ان کے علاوہ مبشر علی، علی شان، عبدالمنان، علی غضںفر اور معین شکیل نے ایک، ایک گول کیے۔

پاکستان کے رانا وحید کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قومی ٹیم کے کپتان عمر بھٹہ کا کہان تھا کہ انڈونیشیا کے خلاف جیت سے ٹیم کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘گزشتہ روز (بھارت کے خلاف) میچ میں اچھا کھیل پیش کیا، ہمارے پاس جیت کے مواقع تھے لیکن ہم گول نہیں کرسکتے تھے، یہاں ہمارےساتھ نوجوان کھلاڑی ہیں اور بھارت کے خلاف میچ برابر کیا’۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو ایشیا کپ پریکٹس میچ میں جنوبی کوریا سے شکست

ان کا کہنا تھا کہ اب انڈونیشیا کے خلاف بڑی کامیابی ٹیم کے لیے اعتماد میں اضافے کا باعث ہے۔

عمر بھٹہ نے کہا کہ پاکستان ایشیا کپ میں بھرپور کوشش کر رہا ہے کہ بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں جگہ بنائے۔

انہوں نے کہا کہ ‘انڈونیشیا ایک غیرمعروف ٹیم ہے اور ہم نے ان کے خلاف زیادہ سے زیادہ اسکور کرنے کی کوشش کی تاکہ اپنی پوزیشن بہتر بنائیں’۔

ایشیا ہاکی کپ میں پاکستان اپنا تیسرا میچ 26 مئی کو جاپان کے خلاف کھیلے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں