سینیئر اداکار تنویر جمال میں کینسر کی تشخیص

تنویر جمال نے 1990 سے قبل کیریئر شروع کیا تھا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
تنویر جمال نے 1990 سے قبل کیریئر شروع کیا تھا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

پاکستانی ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے ڈرامے ’جانگلوس‘ سے شہرت حاصل کرنے والے سینیئر اداکار تنویر جمال کینسر کی تشخیص کے بعد علاج کے لیے جاپان منتقل ہوگئے۔

تنویر جمال نے 1990 سے قبل ہدایت کار کاظم پاشا کے ڈرامے ’جانگلوس‘ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہیں پہلے ہی ڈرامے سے شہرت ملی۔

پہلے ڈرامے کی کامیابی کے بعد تنویر جمال پی ٹی وی کے دیگر متعدد مشہور ڈراموں ’جناح سے قائد، سمجھوتا، بابر، انتہا، جنم جلی اور جلتے سورج‘ سمیت 90 کی دہائی کے دیگر مقبول ڈراموں میں بھی کام کیا اور کم وقت میں اپنی منفرد پہنچان بنائی۔

تنویر جمال نے بحرین، پیرس، تھائی لینڈ اور جاپان سمیت دیگر ممالک میں ہوٹلنگ اور بزنس اداروں میں ملازمتیں بھی کیں اور انہوں نے جاپانی نژاد لڑکی سے ہی کیریئر شروع ہونے سے قبل ہی شادی کرلی تھی۔

اداکار میں 2016 میں پہلی بار کینسر کی تشخیص ہوئی تھی—فائل فوٹو: فیس بک
اداکار میں 2016 میں پہلی بار کینسر کی تشخیص ہوئی تھی—فائل فوٹو: فیس بک

تنویر جمال نے 2021 میں ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ان سے شادی کے لیے جاپانی لڑکی نے اسلام قبول کیا اور دونوں کے درمیان شادی سے قبل ہی تعلقات استوار ہو چکے تھے۔

تنویر جمال نے بتایا تھا کہ شادی سے قبل ان کے ایک اور جاپانی لڑکی سے تعلقات تھے مگر ان سے ان کی شادی نہ ہوسکی تھی۔

تنویر جمال کے بچے اور اہلیہ اس وقت بھی جاپان میں ہی رہتے ہیں اور ان کے بیٹے نے جاپانی نژاد امریکی لڑکی جب کہ بیٹی نے پاکستانی نژاد جاپانی لڑکے سے شادی کر رکھی ہے۔

تنویر جمال کے پاس جاپانی شہریت بھی ہے اور وہاں اہل خانہ کی رہائش کی وجہ سے وہ ہر چند ماہ بعد جاپان جاتے ہیں۔

تاہم اس بار وہ کینسر کی تشخیص کے بعد جاپان منتقل ہوئے اور ان کے علاج کا آغاز کردیا گیا۔

تنویر جمال گزشتہ برس تک شوبز منصوبوں میں مصروف دکھائی دیے—فائل فوٹو؛ فیس بک
تنویر جمال گزشتہ برس تک شوبز منصوبوں میں مصروف دکھائی دیے—فائل فوٹو؛ فیس بک

پاکستانی اخبار ’جنگ‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ تنویر جمال گزشتہ برس سے ناساز تھے، تاہم اب ان میں کینسر کی دوبارہ تشخیص ہونے کے بعد ان کا علاج شروع کردیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ تنویر جمال ابتدائی طور پر 2016 میں بھی کینسر کا شکار ہوئے تھے، تاہم بعد ازاں وہ صحت یاب ہوگئے تھے لیکن گزشتہ برس سے ان کی صحت ناساز تھی۔

گزشتہ برس سوشل میڈیا پر خبریں گردش میں تھیں کہ تنویر جمال میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے، تاہم اداکار اور ان کے اہل خانہ نے ایسی خبروں کی تصدیق نہیں کی تھی۔

اب اداکار کے اہل خانہ نے ان میں کینسر کی تشخیص کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ان کا علاج شروع کردیا گیا۔

اب دوبارہ تنویر جمال میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے—فائل فوٹو: فیس بک
اب دوبارہ تنویر جمال میں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے—فائل فوٹو: فیس بک

تبصرے (0) بند ہیں