ہارر تھرلر پاکستانی فلم ’کرما‘ کا پہلا ٹریلر ریلیز

کرما کے ٹریلر میں بھرپور ایکشن اور سسپنس شامل ہے—اسکرین شاٹ
کرما کے ٹریلر میں بھرپور ایکشن اور سسپنس شامل ہے—اسکرین شاٹ

طویل تاخیر کے بعد آخرکار فلم ساز کاشان ادمانی کی ہارر تھرلر فلم ’کرما‘ کا پہلا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے جلد ریلیز کرنے کا عندیہ دے دیا گیا۔

’کرما‘ میں عدنان صدیقی، ژالے سرحدی، نوین وقار، اسامہ طاہر، پارس مسرور، وجدان شاہ، ارجمند رحیم، خالد انعم اور ایمان خان کے علاوہ دیگر اداکار ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

فلم کی کہانی فواد حئی نے لکھی ہے اور انہوں نے ہی اسے پروڈیوس کیا ہے جب کہ سینماٹوگرافی کی ذمہ داریاں فرحان نے ادا کی ہیں، جنہوں نے فلم کو ہولی وڈ اسٹائل میں فلمانے کی بھرپور کوشش کی ہے۔

فلم کی ٹیم کے مطابق ’کرما‘ کی کہانی چائلڈ لیبر، بدلے، پیڈوفیلیا اور خواتین کو خودمختار بنانے کے علاوہ اسی طرح کے دیگر انتہائی اہم مسائل کے گرد گھومتی ہے۔

جاری کیے گئے ٹریلز سے فلم کی کہانی کو سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ شائقین کو اسکرین پر نہ صرف ایکشن بلکہ ہارر اور سسپنس بھی دیکھنے کو ملے گا۔

ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ عدنان صدیقی بھی بڑے شاطر کردار میں دکھائی دیں گے اور انہیں لگڑری کاروں اور حسین خواتین کے ساتھ ملتے اور عیاشیاں کرتے دکھایا گیا ہے۔

ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ بڑے عہدوں پر پہنچنے والے افراد کی زندگی بھی کسی نہ کسی طرح مسائل کا شکار رہتی ہیں اور وہ بھی سماج میں پھیلے کچھ نہ کچھ غلط کاموں میں ملوث ہوتے ہیں۔

ٹریلر میں خواتین کو بھی منفی کرداروں اور گینگسٹرز کا حصہ دکھایا گیا ہے جب کہ اس میں کراچی کی سڑکوں پر لگژری کاروں کی ریس کو بھی شاندار انداز میں دکھانے کی کوشش کی گئی ہے۔

فلم کے ٹریلر کو جاری کرتے ہوئے ٹیم نے دعویٰ کیا ہے کہ ’کرما‘ میں پہلی بار پاکستانی شائقین کو ہارر تھرلر فلم میں ایسے مناظر دیکھنے کو ملیں گے کہ وہ ہولی وڈ فلمیں بھول جائیں گے۔

فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم عندیہ گیا ہے کہ اسے جلد پیش کردیا جائے گا۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کو رواں برس عیدالاضحٰی کے موقع پر پیش کیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں