ملالہ پاکستانی سپر ہیرو خاتون کردار پر ویب سیریز بنانے پر مارول کی مشکور

ملالہ نے ویب سیریز کی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا—فوٹو: انسٹاگرام
ملالہ نے ویب سیریز کی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا—فوٹو: انسٹاگرام

نوبیل انعام یافتہ کارکن ملالہ یوسف زئی نے پاکستانی سپر ہیرو خاتون کے کردار پر ’مس مارول‘ ویب سیریز بنانے پر مارول اسٹوڈیو اور ڈزنی پلس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ویب سیریز کو پاکستانیوں کی درست نمائندگی کی عکاسی قرار دے دیا۔

منفرد صلاحیتوں کی مالک پاکستانی لڑکی کمالہ خان کے مرکزی کردار پر بنائی گئی ویب سیریز ’مس مارول‘ کو آج 8 جون کو اسٹریمنگ ویب سائٹ ڈزنی پلس پر پیش کردیا گیا۔

مذکورہ ویب سیریز میں کمالہ خان یعنی ’مس مارول‘ کا کردار پاکستانی نژاد کینیڈین لڑکی 19 سالہ ایمان ولانی نے ادا کیا ہے جو کراچی میں پیدا ہوئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کی لڑکی کس طرح ’مس مارول‘ بنیں

’مس مارول‘ میں مہوش حیات، ثمینہ احمد، نمرہ بُچہ اور فواد خان سمیت بھارت کے متعدد اداکار بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے جب کہ اس کے چار میں سے ایک ہدایت کار شرمین عبید چنائے کا تعلق پاکستان سے ہے۔

’مس مارول‘ کی ریلیز کے موقع پر ملالہ یوسف زئی نے ویب سیریز کی تعریف کرتے ہوئے اس کے کرداروں اور ان کے لہجوں کو تارکین وطن پاکستانیوں کی عکاسی قرار دیا اور ویب سیریز کے لیے خصوصی تحریر لکھی۔

ملالہ یوسف زئی کی جانب سے ہاتھ سے لکھی گئی تحریر کو ’مس مارول‘ کے انسٹاگرام پیج پر شیئر کرتے ہوئے نوبیل انعام یافتہ کارکن کا شکریہ ادا کیا گیا۔

مزید پڑھیں: پہلی مسلم خاتون سپر ہیرو سیریز کے لیے پاکستانی نژاد لڑکی کا انتخاب

ملالہ یوسف زئی نے اپنی تحریر میں ’مس مارول‘ کی تعریفیں کیں اور لکھا کہ یہ بہت ہی اچھا احساس ہے کہ جب ٹی وی کا مرکزی کردار وہی زبان اردو بولتا ہے جو آپ کی زبان ہو اور وہ ہی لباس پہنتا اور غذا کھاتا ہو جو آپ کھاتے ہوں تب بہت اچھا لگتا ہے۔

ایمان ولانی کی پیدائش کراچی میں ہوئی——فوٹو: مارول اسٹوڈیو
ایمان ولانی کی پیدائش کراچی میں ہوئی——فوٹو: مارول اسٹوڈیو

ملالہ یوسف زئی نے لکھا کہ مس مارول کو تارکین وطن پاکستانیوں کی طرح بولنے، زندگی گزارنے اور ان جیسا لہجا اپناتے ہوئے دیکھ کر کافی خوشی اور رشک ہوا۔

انہوں نے تارکین وطن پاکستانیوں کی درست عکاسی کے کرداروں اور لہجوں کو ویب سیریز کا حصہ بنانے پر مارول پروڈکشن اور ڈزنی پلس کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی انہوں نے ’مس مارول‘ ویب سیریز کا شکریہ بھی ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: مس مارول‘ میں پاکستانی گانا ’پیچھے ہٹ‘ دیے جانے کا امکان

خیال رہے کہ مذکورہ ویب سیریز کا مرکزی کردار ’کمالہ خان‘ کا ہے جو کہ پاکستانی نژاد امریکی ریاست نیوجرسی کی منفرد صلاحیتوں کی مالک لڑکی ہوتی ہیں۔

ویب سیریز کے کردار کمالہ خان کو تخلیق کرنے والی خاتون ثنا امانت بھی پاکستانی نژاد ہیں، ثنا امانت نے کمالہ خان کے کردار کو پہلی بار مارول کے کامک بکس میں 2013 میں متعارف کرایا تھا اور اب اس پر پہلی ویب سیریز بنائی گئی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں