کے-4 منصوبے کیلئے 98 ارب 50 کروڑ روپے لاگت کے 3 ٹھیکے دے دیے گئے

اپ ڈیٹ 10 جون 2022
کے-4 کا پہلا مرحلہ اکتوبر 2023 میں مکمل ہونا ہے — فائل فوٹو: رائٹرز
کے-4 کا پہلا مرحلہ اکتوبر 2023 میں مکمل ہونا ہے — فائل فوٹو: رائٹرز

واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے کراچی کو یومیہ 26 کروڑ گیلن پانی کی فراہمی کی گریٹر کراچی واٹر سپلائی اسکیم، جسے کے-4 منصوبہ بھی کہا جاتا ہے، کے فیز ’ون کی تعمیر کے لیے 98.5 ارب روپے کے تین ٹھیکے دے دیے گئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق واپڈا اور تین کانٹریکٹرز کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب میں وزیر آبی وسائل خورشید شاہ، قائم مقام چیئرمین واپڈا نوید اصغر چوہدری اور واپڈا اراکین برائے پانی و بجلی جاوید لطیف اور جمیل اختر اور کنسلٹنٹس اور تعمیراتی فرموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

میسرز چائنا ہاربر انجینئرنگ کمپنی لمیٹڈ اور الفجر انٹرنیشنل پر مشتمل کنسورشیم کو 81.116 ارب روپے کے دو کانٹریکٹ دیے گئے جبکہ 17.4 ارب روپے کا تیسرا کنٹریکٹ ڈیسکون انجینئرنگ کو دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کو فراہمی آب کے سب سے بڑے منصوبے ’کے فور‘ کی تحقیقات کا حکم

واپڈا کے ایک جنرل مینیجر نے وضاحت کی کہ کے-4 منصوبے کا فیز ون ضلع ٹھٹہ اور کراچی کے اضلاع ملیر اور غربی میں تعمیر کیا جائے گا جس کی منظور شدہ تخمینہ لاگت 126.5 ارب روپے ہے تاکہ کراچی کو 26 کروڑ گیلن یومیہ پانی فراہم کیا جاسکے۔

کے-4 کا پہلا مرحلہ 8 پیکجز کے ذریعے تعمیر کیا جائے گا جن میں سے دو کانٹریکٹ پہلے ہی دیے جا چکے ہیں جبکہ تین ٹھیکے جمعرات کو دیے گئے۔

باقی دو پیکجز کے معاہدے اگلے 10 روز کے اندر دیے جائیں گے، دو ٹھیکیداروں کو پہلے ہی سائٹ پر متحرک کر دیا گیا ہے اور منصوبے کی تعمیر جولائی کے پہلے ہفتے میں شروع ہو جائے گی۔

خیال رہے کہ کے-4 کا پہلا مرحلہ اکتوبر 2023 میں مکمل ہونا ہے۔

مزید پڑھیں: ایکنک نے 4 کھرب 48 ارب روپے کے چار ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی

دستخط کیے گئے پہلے معاہدے کے تحت 129.4 کلومیٹر طویل 'پریشرائزڈ واٹر ٹرانسمیشن پائپ لائنز' بچھائی جائیں گی اور 84 انچ اور 52 انچ کی پائپ لائنوں کو جوائنٹ کرنے کے ساتھ متعلقہ کام کیے جائیں گے۔

52 ارب 27 کروڑ روپے کے معاہدے کی تکمیل کا وقت 17 ماہ پر مشتمل ہے، معاہدے پر میسرز چائنا ہاربر انجینئرنگ کمپنی لمیٹڈ اور میسرز الفجر انٹرنیشنل (کنٹریکٹرز) کے نمائندوں اور واپڈا کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کے-4 نے دستخط کیے جبکہ 28 ارب 84 کروڑ 40 لاکھ روپے کا دوسرا پیکیج بھی اسی کنسورشیم کو دیا گیا۔

اس پیکج میں شامل پائپ لائن کی لمبائی تقریباً 80 کلومیٹر ہے اور اس میں 84 اور 64 انچ قطر کی پائپ لائنیں شامل ہیں، پیکج 16 ماہ میں مکمل ہونا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جدید شہر بنانے کیلئے کراچی کا مینجمنٹ سسٹم ٹھیک کرنا ہوگا، وزیراعظم

انجینئرنگ پروکیورمنٹ اینڈ کنسٹرکشن (ای پی سی) ٹرنکی کنٹریکٹ آف پمپنگ اسٹیشن 2 ضرب 130 ایم ڈی جی (سول، الیکٹریکل اور مکینیکل ورکس) کے 17.4 ارب روپے کی لاگت کے تیسرے پیکیج پر ڈیسکون انجینئرنگ کے ساتھ دستخط کیے گئے۔

اس میں 130 ایم جی ڈی کے تقریباً دو پمپنگ اسٹیشن اور 32.5 ایم جی ڈی کے 12 کے علاوہ 4 اسٹینڈ بائی انتظامات شامل ہیں۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے وزیر خورشید شاہ نے کہا کہ کے-4 کراچی کے لیے ایک اہم منصوبہ ہے اور اس سے پاکستان کے کاسموپولیٹن شہر اور اقتصادی حب کو پانی کی فراہمی کے مسئلے کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا تاکہ اس کے ثمرات عوام تک پہنچ سکیں۔

تبصرے (0) بند ہیں