ویسٹ انڈیز کو دوسرے ون ڈے میں شکست، پاکستان کو سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل

اپ ڈیٹ 11 جون 2022
ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا—فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر
ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا—فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر

پاکستان نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کو 120 رنز سے شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 275 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 276 رنز کا ہدف دیا گیا تھا جس کے تعاقب میں مہمان ٹیم 33 ویں اوور میں 155 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی، اس طرح پاکستان نے دوسرا میچ 120 رنز کے بڑے مارجن سے جیت کر سیریز میں 2صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

پاکستان کی جانب سے شاندار بالنگ کرتے ہوئے اسپنر محمد نواز نے ویسٹ انڈیز کے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

شاندار بالنگ کارکردگی پر آل راؤندر محمد نواز کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

ان کے علاوہ محمد وسیم نے 3 اور لیگ اسپنر شاداب خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں، پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم نے ایک بار پھر شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 77 رنز بنائے تھے۔

نوجوان بلے باز امام الحق نے بھی گزشتہ میچ کی زبردست فارم اور کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنے آبائی شہر میں کھیلے جانے والے میچ میں 72 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔

اس کے علاوہ خوشدل شاہ اور شاداب خان نے 22، 22 رنز بنائے تھے۔

پاکستانی اوپنر فخرزمان 17 اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

محمد وسیم 17 اور شاہین آفریدی 15 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے عقیل حسین نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ الزاری جوزف اور اینڈرسن فلپ نے 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں۔

یاد رہے کہ دو روز قبل کھیلے گئے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے 306 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف کامیابی سے حاصل کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

پاکستانی ٹیم میں کپتان بابر اعظم، فخر زمان، امام الحق، محمدر ضوان، شاداب خان، محمد حارث، خوشدل شاہ اور محمد نواز شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پہلا ون ڈے: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

اس کے علاوہ شاہین آفریدی، حارث رؤف اور محمد وسیم بھی قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں کپتان نکولس پوران، شائے ہوپ، کائیل میئرز، شمارہا بروکس، برینڈن کنگ، رومین پوویل، روماریو شیفرڈ، اکیل حسین، الزاری جوزف، ہیڈن والش اور اینڈرسن فلپ ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 12 جون کو کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ مذکورہ سیریز دسمبر 2021 میں ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان کا حصہ تھی تاہم پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی جانب سے باہمی رضامندی کے ساتھ کووڈ-19 کے 5 کیسز سامنے آنے کے بعد سیریز ملتوی کردی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے خلاف 3 ون ڈے میچز کی سیریز کیلئے ویسٹ انڈیز کی ٹیم ملتان پہنچ گئی

اس کے ساتھ ساتھ ویسٹ انڈیز نے 2023 کے شروع میں بھی 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے رضامندی ظاہر کرلی ہے، جس کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والی یہ ون ڈے سیریز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہے، آئی سی سی لیگ میں شامل ان میچز کو ورلڈ کپ کوالیفائرز کا درجہ حاصل ہے۔

ورلڈ کپ 2023 کے لیے سرفہرست 7 ٹیمیں براہ راست کوالیفائی کریں گی جبکہ بھارتی ٹیم میزبان کی حیثیت سے پہلے ہی جگہ بناچکی ہے۔

50 اوورز پر مشتمل میچز کا میگا ایونٹ اگلے سال اکتوبر/نومبر میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں