پاکستان کی پہلی خاتون ایم ایم اے فائٹر نے آسٹریلین حریف کو شکست دے دی

اپ ڈیٹ 13 جون 2022
میچ میں انیتا کریم نے آسٹریلیا کی یوئن ہا کو کو چاروں شانے چت کردیا — فائل فوٹو: ڈان
میچ میں انیتا کریم نے آسٹریلیا کی یوئن ہا کو کو چاروں شانے چت کردیا — فائل فوٹو: ڈان

پاکستان کی پہلی مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر انیتا کریم نے انٹرنیشنل مقابلے میں آسٹریلین حریف کو شکست دے دی۔

بنکاک کے لمپینی اسٹیڈیم میں فیئر ٹیکس فیئر پروموشن کے تحت کھیلے گئے میچ میں انیتا نے آسٹریلیا کی یوئن ہا کو کو چاروں شانے چت کردیا اور انہیں متفقہ طور پر میچ کا فاتح قرار دیا گیا۔

ہنزہ سے تعلق رکھنے والی فائٹر نے بینڈ وڈتھ فائٹ کے تینوں راؤنڈز میں اپنے حریف کو شکست دی اور ان کے بھائی نے سوشل میڈیا پر اپ ڈیٹ کے ذریعے سب کو ان کے اس کارنامے کے حوالے سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ انیتا اس مشہور اسٹیڈیم میں فائٹ کا اعزاز حاصل کرنے والی پاکستان کی پہلی اور واحد ایم ایم اے فائٹر ہیں۔

اس کے بعد انیتا نے خود بھی اپنی فتح سے متعلق اپ ڈیٹ کی اور ساتھ میں میچ کا ویڈیو کلپ بھی شیئر کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ کا بہت شکر ہے اور سب لوگوں کا شکریہ جنہوں نے محبت دی اور تعاون کیا، انہوں نے اس یادگار فتح پر اپنی ٹیم کو بھی سراہا۔

یہ بھی دیکھیں: پاکستان کی پہلی خاتون ایم ایم اے فائٹر انیتا کریم

سوشل میڈیا صارفین نے بھرپور جوش و جذبے سے فائٹ کرنے والی قوم کی اس بیٹی کو شاندار پرفارمنس پر مبارکباد دی۔

انیتا کریم پاکستان کی پہلی انٹرنیشنل ایم ایم اے فائٹر ہیں جو متعدد قومی اور بین الاقوامی مقابلے جیت چکی ہیں۔

ایم ایم اے پاکستان میں بہت زیادہ مقبول کھیل نہیں بالخصوص پاکستانی معاشرے میں خواتین میں یہ کھیل زیادہ مقبول نہیں ہے۔

ابتدائی طور پر ان کے پاس ٹریننگ کے لیے کوئی خاتون ساتھی نہ تھا تو انہوں نے اپنے بھائی احتشام اور دیگر مرد ساتھیوں کے ساتھ مل کر تیاری کی۔

جب انیتا ہنزہ سے اسلام آباد آئیں تو انہیں اعلیٰ تعلیم کے حصول اور ایم ایم اے فائٹر میں سے کسی ایک کے انتخاب کی پیشکش کی گئی اور انہوں نے اس مشکل راہ میں حائل چیلنجز کے باوجود ایم ایم اے فائٹر بننے کا انتخاب کیا۔

انہوں نے اپنے بھائیوں علومی کریم، احتشام کریم اور علی سلطان کے ساتھ مل کر ’فائٹ فورٹریس‘ نامی ایم ایم اے جم کی بنیاد رکھی جو پاکستان میں ایم ایم اے کے پہلے ٹریننگ سینٹرز میں سے ایک ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں