سعودی عرب کا پاکستانی طلبہ کیلئے اسکالرشپس کا اعلان

اپ ڈیٹ 14 جون 2022
سلطنت 25 یونیورسٹیز میں اسکالر شپ کے موقع فراہم کر رہی ہے— فائل فوٹو: کریٹو کامن
سلطنت 25 یونیورسٹیز میں اسکالر شپ کے موقع فراہم کر رہی ہے— فائل فوٹو: کریٹو کامن

سعودی عرب نے پاکستانی طلبہ کے لیے 25 جامعات میں اسکالرشپس کا اعلان کردیا، اسکالرشپ کے لیے منتخب ہونے والے طلبہ کو وظیفہ سمیت دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان کی ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان کے مطابق ڈپلومہ، بیچلرز، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کے طلبہ اس اسکالرشپ سے مستفید ہوسکتے ہیں۔

سعودی عرب کی جانب سے علم سیاسیات، قانون، تعلیم، ایڈمنسٹریشن، معاشیات، انجینئرنگ، کمپیوٹر سائنس، زراعت، عربی، اسلامک اسٹیڈیز اور میڈیا سائنسز میں اسکالرشپس کا اعلان کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب نے کینیڈا کی تمام پروازیں اور اسکالر شپ پروگرامز معطل کردیے

سلطنت 25 یونیورسٹیوں میں اسکالرشپ کے مواقع فراہم کر رہی ہے، ہر یونیورسٹی میں 5 فیصد طلبہ کو انرول کیا جائے گا جبکہ دو جامعات میں رجسٹریشن کا تناسب مختلف رکھا گیا ہے۔

پرنسز نور بنتِ عبدالرحمٰن یونیورسٹی برائے خواتین (ریاض) میں 8 فیصد پاکستانی اور کشمیری طلبہ جبکہ مدینہ منورہ میں واقع جامعہ اسلامیہ میں مجموعی طور پر 85 فیصد نشستوں پر رجسٹریشن کی جائے گی۔

ایچ ای سی کی ویب سائٹ پر جاری کردہ طریقہ کار میں بتایا گیا ہے کہ جامعہ، سعودی وزارت تعلیم کو درخواست بھیجے گی اور اہل طلبہ کو اسکالرشپ فراہم کرے گی۔

بیان میں کہا گیا کہ اسکالرشپ میں پاکستان میں مقیم طلبہ کے لیے 75 فیصد جبکہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی طلبہ کے لیے 25 فیصد کوٹہ رکھا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: یتیم بچوں کیلئے امریکی تعلیمی وظائف

اسکالرشپ کے لیے درخواست دینے والے طلبہ کے لیے شرط عائد کی گئی ہے کہ طلبہ کو کسی ادارے سے نکالا گیا ہوں نہ ہی ان کا کوئی کریمنل ریکارڈ ہو، بصورت دیگر درخواست کو مسترد کردیا جائے گا۔

اسکالرشپ کے فوائد بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کو تین ماہ کا وظیفہ اور ریٹرن ٹکٹ بھی دیا جائے گا، انہیں مفت میڈیکل سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

سائنس کے شعبے میں اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کو 900 سعودی ریال جبکہ دیگر شعبہ جات میں اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کو 850 سعودی ریال ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔

جن 25 جامعات میں اسکالرشپس دینے کا اعلان کیا گیا ہے ان میں درج ذیل جامعات شامل ہیں:

  • جدہ یونیورسٹی
  • بشاہ یونیورسٹی
  • اُم القرا یونیورسٹی
  • اسلامک یونیورسٹی
  • امام محمد ابنِ سعود اسلامک یونیورسٹی
  • کند سعود یونیورسٹی
  • کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی
  • حفار الباطن یونیورسٹی
  • کنگ فیصل یونیورسٹی
  • کنگ خالد یونیورسٹی
  • قاسم یونیوسٹی
  • طیبہ یونیورسٹی
  • طائف یونیورسٹی
  • یونیورسٹی آف حائل
  • جزان یونیورسٹی
  • الجوف یونیورسٹی
  • البہا یونیورسٹی
  • طابق یونیورسٹی
  • نجران یونیورسٹی
  • نادرن بارڈر یونیورسٹی
  • پرنس ستام بن عبدالعزیز یونیورسٹی
  • شقرا یونیورسٹی
  • مجمہ یونیورسٹی

اسکالرشپس کے لیے پاکستان اور کشمیر کے طلبہ درخواستیں دے سکتے ہیں، پروگرام میں بیجلرز کی ڈگری کے لیے درخواست دینے والے طلبہ کی عمر 17 سے 25، ماسٹرز کے لیے30 اور پی ایچ ڈی کے لیے 35 سال ہونی چاہیے۔

تبصرے (0) بند ہیں

Fida Ullah Khan Jun 14, 2022 04:14pm
میرا رائے یہ ہے کہ یہ ایک اچھا اقدام ہے اور اس اقدام پر ہم سعودی عرب ملک کا بے حد مشکور ہے جنہوں نے پاکستان کے غیور عوام کو یہ پیکیج دیا اور جس نے پاکستانیوں کے لئے یہ پیکیج لایا انکو میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں