ہنزہ : 3 روز سے لاپتا فرانسیسی پیراگلائیڈر کا تاحال سراغ نہ مل سکا

اپ ڈیٹ 05 جولائ 2022
پیرا گلائیڈرز 30 جون کو ہنزہ پہنچے اور ایک مقامی ہوٹل میں قیام کیا—فائل فوٹو : رائٹرز
پیرا گلائیڈرز 30 جون کو ہنزہ پہنچے اور ایک مقامی ہوٹل میں قیام کیا—فائل فوٹو : رائٹرز

گلگت بلتستان کے ضلع ہنزہ کے انتظامی مرکز علی آباد کے بالائی علاقے سے اڑان بھرنے کے بعد لاپتا ہونے والا فرانسیسی پیراگلائیڈر زیویئر ایلین کا تاحال سراغ نہیں لگایا جا سکا۔

ڈان اخبارکی رپورٹ کے مطابق 3 روز قبل 58 سالہ فرانسیسی پیراگلائیڈر نے 2 ہسپانوی پیراگلائیڈرز کے ساتھ اڑان بھری تھی، کچھ دیر بعد ہسپانوی پیراگلائیڈرز ہنزہ کے علاقے گنیش میں اترے تاہم فرانسیسی پیراگلائیڈر لاپتا ہوگیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ہنزہ میں فرانسیسی پیراگلائیڈر لاپتا

لاپتا پیرا گلائیڈر کی تلاش کے لیے شروع کیا گیا سرچ آپریشن ہفتے سے جاری ہے، اتوار کو پاک فوج کے ہیلی کاپٹروں کی جانب سے فضائی سرچ آپریشن بھی کیا گیا، تاہم پیرا گلائیڈر کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔

ہنزہ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ظہور احمد نے بتایا کہ جس علاقے میں ہسپانوی پیرا گلائیڈر اترا وہ خطرناک ہے۔

مزید پڑھیں: چترال میں آندھی کے باعث پیراگلائیڈر جاں بحق

انہوں نے کہا کہ لاپتا پیرا گلائیڈر کو تلاش کرنے میں ریسکیورز کو مشکلات کا سامنا ہے۔

پیرا گلائیڈرز 30 جون کو ہنزہ پہنچے تھے اور ایک مقامی ہوٹل میں قیام کیا۔

ریسکیو 1122 کے اہلکار، پولیس اور مقامی رضاکار سرچ آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں